اسپیکر کا وزارت داخلہ کو پی ٹی آئی اراکین کی گرفتاریوں کی تحقیقات کرنے کا حکم
اسلام آباد (یوتھ ویژن) قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین کی پارلیمنٹ ہاؤس سے گرفتاریوں کے معاملے پر فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ اس ضمن میں اسپیکر نے وفاقی وزارت داخلہ کو باضابطہ خط ارسال کیا، جس میں اس اہم معاملے پر جامع تحقیقات کرنے اور جلد از جلد رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خط میں اسپیکر قومی اسمبلی نے وفاقی وزارت داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ پارلیمنٹ ہاؤس سے پی ٹی آئی اراکین کی گرفتاریوں کے حوالے سے مفصل تحقیقاتی رپورٹ 7 روز کے اندر پیش کرے، تاکہ اس اہم معاملے کو شفافیت کے ساتھ دیکھا جا سکے۔
دوسری جانب، وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل پر مشاورت جاری ہے تاکہ ان گرفتاریوں کے محرکات اور قانونی پہلوؤں کو سامنے لایا جا سکے۔ اسپیکر نے اس تحقیقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے زور دیا کہ اس معاملے کی مکمل تفصیلات سے انہیں بھی آگاہ رکھا جائے۔