نیپرا کا بجلی کی قیمت میں اضافہ، عوام پر مزید بوجھ
اسلام آباد (یوتھ ویژن ) – عوام پر ایک اور مہنگائی کا بوجھ ڈال دیا گیا، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمتوں میں ایک روپے 74 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کر دیا ہے۔ اس اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، نیپرا نے ملک بھر سمیت کراچی کے صارفین کے لیے بھی بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا ہے، جو اپریل تا جون 2024 کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت کیا گیا ہے۔ صارفین کو ستمبر سے نومبر 2024 کے دوران اس اضافے کا سامنا کرنا ہوگا، جس سے بجلی کے بلوں میں 43 ارب 23 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اضافی چارجز تمام صارفین، سوائے لائف لائن اور پری پیڈ صارفین کے، پر لاگو ہوں گے۔ نیپرا کے مطابق، یہ اضافہ مالی سال 2023-24 کی چوتھی سہ ماہی کے لیے مختلف چارجز، جیسے کہ کپیسٹی چارجز، سسٹم کے استعمال کے چارجز اور فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ 4323 ارب روپے کی مثبت ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، جو ملک بھر میں بجلی کے صارفین پر لاگو ہوگا۔
مزید برآں، نیپرا کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی لاگو ہوگی، جس سے تمام صارفین کو متاثر کرنے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ نیپرا نے چند روز قبل ہی 43 ارب روپے سے زائد کے اضافی بوجھ کو پورا کرنے کے لیے ستمبر سے نومبر 2024 کے دوران بجلی کے نرخوں میں اضافہ کرنے کی منظوری دی تھی۔