ایف آئی اے کا انسانی سمگلنگ نیٹ ورک بے نقاب، بھارتی سازش کا پردہ فاش
یوتھ ویژن : ( مظہر اسحاق چشتی سے ) ایف آئی اے نے پاکستان میں انسانی سمگلنگ کے بین الاقوامی نیٹ ورک کا پردہ فاش کر دیا، پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی بھارتی سازش بے نقاب-
پاکستان کی سیکیورٹی ایجنسیوں اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے مشترکہ کارروائی میں ملک میں فعال بین الاقوامی انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے۔ ایف آئی اے نے انٹیلیجنس رپورٹوں کی بنیاد پر ایک گروہ کو گرفتار کیا جو بیرون ملک جعلی نوکریاں فراہم کر کے شہریوں کو دھوکہ دے رہا تھا۔
ایف آئی اے کے حکام کے مطابق، اس گروہ نے اربوں روپے لوٹے اور جعلی دستاویزات فراہم کیں جو ان کی اپنی پرنٹنگ پریس میں تیار کی جاتی تھیں، جن کا مقصد شہریوں کو بیرون ملک آباد کرنا تھا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ گروہ کا تعلق بھارت اور افغانستان سے بھی تھا اور بین الاقوامی مجرمانہ گروہوں سے روابط تھے، اور اس کارروائی سے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی بھارتی سازش بھی بے نقاب ہوئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس کامیاب آپریشن پر پاکستان کی انٹیلیجنس ایجنسیوں اور ایف آئی اے لاہور کی کاوشوں کو سراہا اور انسانی سمگلنگ کے خلاف مزید سخت کارروائیوں کا عزم ظاہر کیا۔