اسلام آباد میں پی ٹی آئی جلسے سے قبل مشتبہ شخص گرفتار، دھماکہ خیز مواد برآمد
یوتھ ویژن : ( عمران قذافی سے ) اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے سے قبل پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ گرفتاری اُس مقام سے کی گئی جہاں آج صبح دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا تھا۔ مشتبہ شخص سے تحقیقات جاری ہیں اور سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
آج سنگجانی، اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے کی جگہ پر ایک دستی بم، راکٹ لانچر، ڈیٹونیٹرز اور دیگر دھماکہ خیز مواد دریافت کیا گیا، جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کامیابی سے ناکارہ بنا دیا۔
پی ٹی آئی آج اسلام آباد میں اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے جلسہ کر رہی ہے۔ پارٹی کی قیادت نے پہلے ہی جلسے کی جگہ کا دورہ کیا ہے اور تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
مزید پڑھیں : پی ٹی آئی جلسہ اسلام آباد-راولپنڈی میٹرو بس سروس معطلی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا
دوسری جانب، ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی جلسے کو مشروط اجازت دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ جلسہ شام 4 بجے سے 7 بجے تک جاری رہے گا اور اس دوران کاروبار یا عوامی نقل و حرکت میں کوئی خلل نہیں ڈالا جائے گا۔
اس کے ساتھ ہی اسلام آباد کے ریڈ زون کے تمام داخلی اور خارجی راستے کنٹینرز لگا کر سیل کر دیے گئے ہیں، اور صرف مجاز افراد کو مارگلہ روڈ کے ذریعے داخلے کی اجازت ہوگی۔