پی ٹی آئی جلسہ اسلام آباد-راولپنڈی میٹرو بس سروس معطلی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا
یوتھ ویژن : ( اُسامہ شبیر سے ) اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان میٹرو بس سروس معطل کر دی گئی ہے کیونکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے عوامی جلسے کے پیش نظر اسلام آباد انتظامیہ کی ہدایات پر یہ فیصلہ کیا گیا۔
میٹرو بس سروس کے مطابق سروس کو صدر اسٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک معطل رکھا جائے گا۔
پی ٹی آئی آج اسلام آباد میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے جا رہی ہے۔ پارٹی کی قیادت نے پہلے ہی جلسہ گاہ کا دورہ کیا ہے اور تمام تیاریاں مکمل ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے جلسے کی مشروط اجازت دی تھی، جس کے مطابق جلسہ شام 4 بجے سے 7 بجے تک چلے گا اور کاروبار یا عوامی آمد و رفت میں کوئی خلل نہیں ڈالا جائے گا۔
اس سے قبل پولیس نے اسلام آباد کے سنگجانی علاقے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسہ گاہ سے ایک مشکوک بیگ برآمد کیا، جس میں ایک ہینڈ راکٹ لانچر، ڈیٹونیٹر، ہینڈ گرنیڈ اور تاریں شامل تھیں۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کو فوری طور پر علاقے کو محفوظ بنانے اور مزید خطرات کی جانچ کے لیے بلایا گیا، تاہم کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔اسلام آباد میں داخلی و خارجی راستے بندکر دیے گئے-
اسلام آباد میں ریڈ زون کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو کنٹینرز کے ذریعے سیل کر دیا گیا ہے۔ صرف مجاز افراد کو مارگلہ روڈ کے ذریعے داخلے کی اجازت ہوگی۔
سنگجانی علاقے میں جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے کا 26 نمبر ٹول پلازہ پر اسلام آباد میں داخلے کا راستہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں، ایکسپریس وے پر خان پل کے علاقے میں کنٹینرز رکھے گئے ہیں، جس کی وجہ سے اسلام آباد-راوت روڈ پر ٹریفک جام ہوگیا ہے۔ راوت سے اسلام آباد جانے والی ایکسپریس وے کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
فیض آباد کے علاقے میں کنٹینرز کے ذریعے مری روڈ کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ راوت ٹی چوک سے راولپنڈی تک کا راستہ بھی کنٹینرز سے بند کر دیا گیا ہے، جبکہ فیض آباد انٹرچینج کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔