گوگل کے وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات،پاکستان میں آئی ٹی صنعت کے روشن مستقبل کی نوید
یوتھ ویژن : ( عفان گوہر سے ) اسلام آباد میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے گوگل کے 4 رکنی وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت گوگل کے صدر برائے ایشیا پیسیفک، مسٹر اسکاٹ بیومونٹ نے کی۔
وزیرِ اعظم نے ملاقات کے دوران حکومت کے آئندہ پانچ سالوں میں 25 ارب امریکی ڈالر کی برآمدات کا ہدف حاصل کرنے کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے نوجوانوں کی تربیت، آئی ٹی انفراسٹرکچر کی بہتری اور ریگولیٹری ماحول میں اصلاحات کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ گوگل نے پاکستانی نوجوانوں کو 2023 میں تقریباً 10 لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے میں مدد دی ہے، جو پاکستان کی ڈیجیٹل دنیا میں صلاحیتوں اور گوگل کے نوجوانوں کی مہارت میں بہتری کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
اس موقع پر مسٹر اسکاٹ بیومونٹ نے وزیرِ اعظم کو گوگل کے مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ گوگل نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے اور حکومت کے نوجوانوں کی مہارتوں کی تربیت کے اقدامات کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ 2026 تک 5 لاکھ کروم بکس پاکستان میں تیار کی جائیں گی، جو ملک کی آئی ٹی صنعت میں انقلاب برپا کریں گی۔