یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں تقریبات

تحریر محمد اقبال شعبہ تعلقات عامہ

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نوابین ریاست بہاول پور کی یادگار اور اسلامی نشاط ثانیہ کی عظمت و سطوت کی ایک بڑی نشانی ہے۔ اس جامعہ کی بنیاد ملت اسلامیہ کی عظیم درسگاہ جامعہ الازھر مصر قاہرہ کی طرز پر رکھی گئی تھی تاکہ برصغیر کے مسلمانوں کی ایک شاندار علمی دانش گاہ وجود میں آے جو امت کی علمی میراث کی محافظ اور نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی امین و نگہبان ہو۔ یوم تکریم شہداء پاکستان کے موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے تمام کیمپسز میں خصوصی تقریبات اور سیمینار منعقد ہوئے۔
اس موقع پر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر نے کہا کہ ہر محب وطن پاکستانی اپنی مٹی کی محبت میں شہید ہونے والوں سے والہانہ عقیدت اور محبت کے جذبات رکھتا ہے۔ شہداء کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شہداء ہمارا سرمایہ ہیں، انہی کی قربانیوں کے باعث ہم آزاد فضاؤں میں جی رہے ہیں۔ شہداء کے تقدس اور حرمت کا خیال رکھتے ہوئے وطن عزیز کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں۔ یوم دفاع کی مناسبت سے وائس چانسلر سیکریٹریٹ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر نے تقریب کی صدارت کی۔ اس موقع پر کیپٹن سہیل اکبر شہید کے والد اکبر بھٹی اور کیپٹن حسان عابد شہید کے والد ڈاکٹر محمد عابد مہمان خصوصی تھے۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ، پروفیسر ڈاکٹر ارشاد حسین ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن،پروفیسر ڈاکٹر نسرین اختر چیئرپرسن شعبہ سپیشل ایجوکیشن و ڈین فیکلٹی آف آن لائن اینڈ ڈیسٹنس ایجوکیشن،محمدشجی الرحمان رجسٹرار،ڈاکٹر مصور حسین بخاری چیئرمین شعبہ سیاسیات، پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا چیئرمین شعبہ سوشل ورک، ڈاکٹر شہباز علی خان چیئرمین شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن، ڈاکٹر محمد عدنان بخاری ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز،آصف ندیم ایڈوائزرآئی یو بی ڈیبیٹنگ سوسائٹی، ڈاکٹر شہزاد احمد خالد ڈائریکٹر میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز،ذوالفقار سعید ڈائریکٹر آئی ٹی، عبدالودود چیف سیکیورٹی آفیسر،رانا محمد اشرف ایڈیشنل کنٹرولر امتحانات،مزمل فیاض لیکچرار شعبہ انگریزی لسانیات، احمد بلال لودھی لیکچرار شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن،برکا خان لیکچرار شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن،منیب ملک المعروف بلڈرز، ندیم ورک، فیکلٹی ممبران اور افسران نے شرکت کی۔چیئرمین شعبہ سیاسیات پروفیسر ڈاکٹر مصور حسین بخاری نے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نیشہدا کے والدین اور ورثاء کو خراج تحسین پیش کیا۔
مزید پڑھیں : اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں کلائمٹ ایکشن کے لیے نوجوانوں کی مقامی کانفرنس (LCOY) کا شاندار انعقاد
انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر یوم دفاع دھرتی پر مر مٹنے، ملک کی حفاظت کرنے کا دن ہے اور یہ دن دشمن کو پیغام دینے کا دن ہے کہ ارض پاک کی حفاظت ہمار ا ایمان اور ہماری ذمہ داری ہے۔ 1965کی جنگ پاکستان کی پہلی جنگ تھی جس میں پاک فوج کے جوانوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمن کے خلاف ہماری فوج سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہوگئی اور انھیں شکست سے دوچار کیا۔پاکستان اس وقت بھی معاشی جنگ لڑ رہا ہے اور ہم سب کو ملکر پاکستان کو اس جنگ سے آزاد کروانا ہے۔تقریب کے آخر میں وائس چانسلر نے شہداکی فیملی کو طلبا کے بنائے ہوئے خطاطی کے نمونے پیش کیے۔شعبہ تعلقات عا مہ اور ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی ٹیم نے یوم دفاع کی مناسبت سے شہدائے پاک آرمی کے گھروں کا دورہ کیا ۔ ڈاکٹر عدنان بخاری ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز نے ٹیم کی قیادت کی۔ ٹیم ارکان میں رانامزمل فیاض لیکچرار شعبہ انگلش لٹریچر، محمد اقبال، قرات العین، فصیح اللہ اورحمزا حفیظ شامل تھے۔




کیپٹن سہیل اکبر کے والد اکبر بھٹی نے بتایا کہ کیپٹن سہیل اکبر 11دسمبر 1979 کو بہاول پور میں پیدا ہوئے اور انہوں نے 14 اکتوبر2001میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ پاک فوج میں ایک ماہر اور تجربہ کار پائلٹ تھے اور انہوں نے آپریشن المیزان اور آپریشن راہ راست میں اپنی بہادری کے جوہر دکھائے اور اِن آپریشنز میں ہیلی کاپٹر کو 300 گھنٹے محو پرواز رکھا۔ 3جولائی 2009کو ایک دشوار گزار اور پُر خطر آپریشن کے دوران اس مرد آہن نے شہادت کا اعزاز حاصل کیا۔ اُن کی ہمت، ثابت قدمی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے اعزاز میں اُنہیں تمغہ بسالت عطا کیا گیا۔ ونگ کمانڈر خرم صمد کی اہلیہ شائستہ خرم نےجامعہ اسلامیہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ونگ کمانڈر خرم صمد 18جون 1976کو کراچی میں پیدا ہوئے اور انہوں نے 1995 میں پاک فضائیہ اکیڈمی رسال پور میں کمیشن حاصل کیا اور میاں والی میں پوسٹنگ ہوئی جہاں پر انہوں نے معراج طیارہ اُڑانے میں مہارت حاصل کی۔ 3جون 2014 کو ایک برواز کے دوران اُن کا طیارہ تکنیکی خرابی سے دوچار ہو گیا اور اُنہوں نے کمال مہارت سے طیارہ کو آبادی پر گرنے سے بچاتے ہوئے شہادت پائی۔ اس طرح انہوں نے سینکڑوں لوگوں کی جان بچائی۔ اُن کی بہادری اور جواں مردی کے اعتراف میں ستارہ بسالت عطا کیا گیا۔ شہید کیپٹن حسان عابد کے والد ڈاکٹرمحمد عابد نے بتایا کہ شہید کپیٹن حسان عابد بہاول پور میں پیدا ہوئے، انہوں نے 2002میں پاکستان آرمی میں کمیشن حاصل کیا اور پی ایم اے لانگ کورس کے بعد بہت سے آپریشنز میں حصہ لیا۔ 8جنوری 2011 میں انہوں نے ایک معرکے میں بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہادت پائی اور اُنہیں تمغہ بسالت عطا کیا گیا۔بہاولنگر کیمپس کے زیر اہتمام یوم دفاع کی مناسبت سے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تقریب کا اہتمام کیا گیا- تقریب میں ڈائریکٹر کیمپس ڈاکٹر رفاقت علی، مہمان مقرر ڈاکٹر اجمل فریدی، ایڈیشنل رجسٹرار ظفر عباس کھچی، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز اورنگزیب وٹو،اسسٹنٹ پروفیسر اردو ڈاکٹر ریاض عابد سمیت طلباء،سکیورٹی عملے اور انتظامیہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی-

تقریب میں مہمان سپیکر ڈاکٹر اجمل فریدی نے 6 ستمبر 1965 کی جنگ کے بارے میں تاریخی حقائق پر تفصیلی گفتگو کی ۔ڈائریکٹر کیمپس رفاقت علی باجوہ نے اس دن کی مناسبت سے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے گفتگو کی-مختلف طلباء سوسائٹیز کے ارکان بالخصوص احسن رضا نے تقریر اور عاتکہ عباس نے شاعری کے ذریعے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا- تقریب میں شریک سیکیورٹی اسٹاف کی خدمات کو سراہتے ہوئے ریٹائرڈ فوجی حضرات اور سینئر سکیورٹی گارڈز کو گلدستے پیش کیے گئے-
رحیم یار خان کیمپس میں تقریب بڑے جوش و خروش سے منائی گئی۔ جشن کا آغاز ایڈمشن سینٹر سے ایڈمن بلاک تک پاک فوج یکجہتی مارچ سے ہوا۔ مارچ کی قیادت کیمپس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد اطہر خان نے کی۔ فیکلٹی ممبران، انتظامی عملے اور طلباء نے مارچ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد اطہر خان نے قوم کے تحفظ اور سلامتی کو برقرار رکھنے میں پاک فوج کی انمول خدمات کا اعتراف کیا۔ انہوں نے ملک کی حفاظت میں ان کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر کیمپس میں شجر کاری کا بھی اہتمام کیا گیا اور شہداء کی یاد میں پودے لگائے گئے۔
