16 سال سے قتل کے مقدمے میں مطلوب ملزم لاہور ایئرپورٹ پر گرفتار
یوتھ ویژن : ( شہزاد حُسین بھٹی سے ) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (FIA) کی این سی بی انٹرپول اور امیگریشن ٹیم نے پیر کے روز ایک قتل کیس میں ملوث ملزم کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا جو یونان فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والے شخص کی شناخت فہد محمود کے نام سے ہوئی ہے، جو لاہور ایئرپورٹ سے یونان فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا، تاہم ایف آئی اے امیگریشن لاہور نے ملزم کو پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔
ملزم گوجرانوالہ پولیس کو 16 سال سے ایک قتل کیس میں مطلوب تھا اور اس کے خلاف 2008 میں پولیس اسٹیشن کینٹ، گوجرانوالہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق، ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ ملزم جارو کے نام سے بھی جانا جاتا تھا اور وہ 2022 میں ہونے والے ایک قتل کیس میں پنجاب پولیس کو مطلوب تھا۔
ترجمان نے کہا کہ این سی بی انٹرپول نے اس کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا اور اسے ایف آئی اے اسلام آباد امیگریشن نے پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔