غزہ پر اسرائیلی حملے: سعودی ولی عہد کا ترک اور مصری صدور سے اہم رابطہ
یوتھ یوژن : ( عمران قذافی سے ) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں کے مسئلے پر ترکیہ اور مصر کے صدور سے اہم رابطے کیے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ولی عہد محمد بن سلمان نے ترک صدر رجب طیب اردوان اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفونک بات چیت کی، جس میں تینوں رہنماؤں نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کی مذمت کی، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کی اہمیت پر زور دیا، اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ اس بات چیت میں فلسطین کے لیے اسلامی ممالک کے درمیان تعاون کی ضرورت پر بھی بات کی گئی تاکہ تنازعے کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے اور خطے میں استحکام کو بحال کیا جا سکے۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے محمد بن سلمان کے ساتھ بات چیت کے دوران عالمی برادری کے دباؤ کو اسرائیل پر بڑھانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اسرائیل کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور فلسطینی علاقوں، خاص طور پر غزہ میں، جاری جرائم کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دوسری جانب، مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور سعودی ولی عہد نے غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی اور مغربی کنارے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو ختم کرنے پر اتفاق کیا، تاکہ تنازعہ مزید نہ بڑھے اور خطے میں امن و استحکام بحال ہو سکے۔
سرکاری سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، ولی عہد محمد بن سلمان نے عرب اور اسلامی ممالک کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ فلسطینی عوام کے خلاف جاری اسرائیلی حملوں اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکا جا سکے۔