سی ایس ایس امیدواروں کی ناقص کارکردگی
یوتھ ویژن : ( یوسف خاں سے ) فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی سالانہ رپورٹ نے ملکی نظام تعلیم کی خامیوں کو بے نقاب کردیا۔ رپورٹ کے مطابق سی ایس ایس امتحان میں شامل امیدواروں کی تعداد میں اضافے کے باوجود کارکردگی مایوس کن رہی۔
سال 2022 کی رپورٹ کے مطابق لازمی مضامین میں 43% امیدوار ناکام ہوئے، جن میں انگریزی، انگریزی مضمون نویسی، جنرل نالج اور اسلامیات میں بدترین نتائج دیکھنے میں آئے۔
رپورٹ کے مطابق انگریزی مضمون نویسی میں علم کی کمی، غیر ضروری الفاظ کا استعمال، اور انگریزی پریسی میں بے محل جملے نمایاں تھے۔ ایک ممتحن نے کہا کہ مطالعے کی کمی ہر جگہ عیاں ہے اور تعلیمی نظام میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔
جنرل نالج میں 1947 سے 2022 تک کی سیاسی جماعتوں سے متعلق سوالات پر کوئی بھی امیدوار درست جواب نہیں دے سکا۔ اسلامیات میں امیدواروں کی اجتہاد اور جہاد کے درمیان فرق کرنے میں ناکامی نمایاں تھی۔
انگریزی مضمون میں صرف 1% امیدوار کامیاب ہوسکے جبکہ جنرل نالج اور پاکستان افئیرز میں بھی نتائج انتہائی کمزور رہے۔
رپورٹ میں مزید انکشاف ہوا کہ پاس ہونے والے امیدواروں میں زیادہ تعداد پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے طلباء کی ہے جبکہ سرکاری اداروں اور غیر ملکی تعلیمی پس منظر رکھنے والے امیدواروں کی کامیابی کا تناسب بہت کم رہا۔