پی ٹی آئی-اسٹیبلشمنٹ ڈیڈ لاک ختم ہونے کے قریب، بات چیت کے دروازے کھلے ہیں،رؤف حسن
یوتھ ویژن : ( عباس مغل سے ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن نے امید ظاہر کی ہے کہ پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان جاری ڈیڈ لاک زیادہ دیر برقرار نہیں رہے گا۔ امریکی خبر رساں ادارے "وائس آف امریکا” کو دیے گئے انٹرویو میں رؤف حسن نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت ریاستی مفاد میں ہے، اور پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کو سیاست میں شامل کرنے کی خواہاں نہیں ہے۔
رؤف حسن نے زور دیا کہ ملک میں آگے بڑھنے کا راستہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات سے ہی نکلے گا، کیونکہ طاقت کا مرکز حکومت نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کا مینڈیٹ عوام کے حقیقی نمائندوں کے پاس جانا چاہیے، اور عدالتی عمل یا نئے انتخابات کے ذریعے اس مینڈیٹ کی درستگی کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں : مسلم لیگ (ن) کی قیادت پی ٹی آئی سے مذاکرات پر تقسیم کا شکار
پی ٹی آئی کے ترجمان نے اعلان کیا کہ 8 ستمبر سے ملک گیر تحریک کا آغاز ہوگا، جس میں پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں جلسے منعقد کیے جائیں گے، چاہے حکومت کی جانب سے اجازت ملے یا نہ ملے۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ حکومت مخالف اتحاد میں مزید جماعتیں شامل ہونے جا رہی ہیں، اور جے یو آئی کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا ہے۔