سندھ حکومت نے 10 ہزار طلبا کے لیے 2 ماہ کے آئی ٹی کورسز کی منظوری دے دی
یوتھ ویژن : ( صائمہ معظم سے ) سندھ میں آئی ٹی کورسز کے خواہشمند طلبا کے لیے خوشخبری، سندھ حکومت نے 10 ہزار طلبا کے لیے دو ماہ کے سرٹیفیکیٹ کورسز کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی ٹی کورسز کے لیے 500 ملین روپے کی منظوری دی اور اس پروگرام کا مقصد طلبا کی آئی ٹی مہارتوں کو بڑھانا اور غربت میں کمی لانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، محکمہ آئی ٹی اور این ای ڈی، مہران یونیورسٹی، اور آئی بی اے سکھر کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔ ہر سرٹیفیکیشن کی مدت دو ماہ ہوگی اور پروگرام کے تحت ملازمت کے لیے صنعت کی طرف سے تسلیم شدہ سرٹیفکیٹ فراہم کیے جائیں گے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو تیار کر کے روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ سیکریٹری آئی ٹی پروگرام نے ابتدائی طور پر 10 ہزار نوجوانوں کے لیے یہ کورسز ڈیزائن کیے ہیں۔