برطانیہ کا ڈرائیونگ لائسنس پاکستان میں قابل قبول، لیکن انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ لازمی
یوتھ ویژن : ( شہزاد حُسین بھٹی سے) برطانیہ کا ڈرائیونگ لائسنس پاکستان میں قابل قبول، لیکن انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ لازمی-
اگر آپ برطانوی ڈرائیونگ لائسنس رکھتے ہیں اور پاکستان میں گاڑی چلانا چاہتے ہیں تو صرف لائسنس کافی نہیں ہے۔ بیرون ملک گاڑی چلانے کے لیے آپ کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ (آئی ڈی پی) حاصل کرنا ضروری ہے۔
ڈی آئی جی لائسنسنگ اینڈ ٹریفک سندھ، اقبال دارا، کے مطابق، پاکستان نے 1968 کے ویانا کنونشن کے تحت معاہدہ کیا تھا جس کے مطابق دیگر ممالک کے شہری پاکستان میں قانونی طور پر گاڑی چلا سکتے ہیں، بشرطیکہ ان کے پاس آئی ڈی پی اور ملک کا ڈرائیونگ لائسنس دونوں موجود ہوں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ برطانیہ سے جاری کردہ آئی ڈی پی پاکستان میں قابل قبول ہے، تاہم اس کے ساتھ اصل ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا بھی ضروری ہے۔ سندھ میں آئی ڈی پی کے حصول کی فیس 1100 روپے ہے، لیکن عوام میں معلومات کے فقدان کی وجہ سے کم تعداد میں لوگ لائسنس بنوانے کے لیے رجوع کرتے ہیں۔
اقبال دارا نے خبردار کیا کہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے پاکستانی شہری حادثے کی صورت میں سنگین قانونی مسائل کا سامنا کر سکتے ہیں، جس میں قتل کا مقدمہ بھی شامل ہے۔
آئی ڈی پی کیا ہے؟ یہ ایک بین الاقوامی دستاویز ہے جو آپ کو اپنے ملکی ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ بیرون ملک گاڑی چلانے کی قانونی اجازت دیتا ہے۔ یہ آپ کے ملکی لائسنس کا متبادل نہیں بلکہ اسے ساتھ لے کر استعمال کیا جاتا ہے۔
برطانوی حکومت کی ویب سائٹ کے مطابق، پاکستان میں 1968 کا انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ قابل قبول ہے۔