میوزک کنگ عدنان سمیع کو 53 سال بعد نیا نام مل گیا
میوزک انڈسٹری سے وابستہ نامور گلوکار عدنان سمیع کی 53 ویں سالگرہ پر بھارتی گلوکاروں نے نیا نام دے دیا۔
میوزک کی دنیا کا ایک جانا مانا نام عدنان سمیع نے 1993 میں زیبا بختیار سے شادی کی لیکن یہ رشتہ بدقسمتی سے زیادہ عرصہ نہ چل سکا اور اس جوڑے نے اپنی اپنی راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
بعدازاں گلوکار نے دوسری شادی 2001 ء میں عرب خاتون صباح گلادری سے کی، جو زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور طلاق پر ختم ہوئی۔دوسری بار طلاق کے بعد بھی عدنان سمیع سکون سے نہ بیٹھے اور انہوں نے تیسری شادی کرنے کافیصلہ کیا۔
گلوکار عدنان سمیع نے تیسری شادی 2010 ء میں جرمن نژاد رویا علی خان سے کی جن سے انہیں مئی 2017 ء میں ایک بیٹی ہوئی اور اب وہ ان کے ہمراہ بھارت میں ہی مقیم ہیں۔
عدنان سمیع کی سالگرہ پر بھارتی گلوکاروں کا خراج تحسین:
بھارت میں مقیم گلوکار عدنان سمیع نے حال ہی میں 53 ویں سالگرہ منائی، سالگرہ کے اس پرمسرت موقع پر عدنان سمیع کو خصوصی طور پر سالگرہ کا پیغام دینے کیلئے بھارت کے نامور گلوکاروں نے یکجا ہوکر گلوکار کو وش کیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو زیر گردش ہے جس میں نامور گلوکاروں کو ایک ساتھ قیمتی لمحات گزارتے دیکھا جاسکتا ہے۔
مذکورہ ویڈیو میں شان، شنکر مہادیون اور سونو نگم برتھ ڈے بوائے عدنان سمیع کے لیے سالگرہ کا خصوصی گانا ’بار بار یہ دن آئے ’گاتے ہوئے سنائی دے رہے ہیں۔
ساتھ ہی گانے کے اختتام پر ساتھی گلوکاروں نے عدنان سمیع کو نئے نام سے مخاطب کرتے ہوئے انہیں ’سنیتا’ کہہ کر بھی پکارا۔
ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بھارتی گلوکار اور کمپوزر شنکر مہادیون نے عدنان سمیع کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ،’عدنان سمیع کی سالگرہ منانے میں بہت مزہ آیا! سالگرہ مبارک ہو بھائی۔”
دوسری جانب سونو نگم نے بھی عدنان سمیع کو انوکھے انداز میں سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ،’کتنا کھلاتا ہوگا وہ انسان جسکے نام میں ہی لگا ہے نان! سالگرہ مبارک ہو عدنان بھائی!!”
علاوہ ازیں گلوکار عدنان سمیع نے اپنے انسٹاگرام کا رخ کرتے ہوئے سالگرہ کی تقریب سے یادگار جھلکیاں بھی سوشل میڈیا کی زینت بنائیں اور کیپشن میں لکھا کہ،’ہمارے گھر پر ایک خوبصورت دوپہر کے کچھ لمحات!! یہ لمحات صرف بابرکت ہوتے ہیں… آپ واقعی ان کی منصوبہ بندی نہیں کر سکتے’۔
دوسری جانب گلوکار عدنان سمیع کو لاکھوں فینز اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی سالگرہ کی مبارکباد موصول ہورہی ہیں۔