ڈ پٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان اور آزربائیجان کے سفیر کی اسلام آباد میں اہم ملاقات
یوتھ ویژن : ( ثاقب ابراہیم غوری سے ) ڈ پٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پاکستان میں تعینات آزربائیجان کے سفیر مسٹر خضر فرہادوف نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ پر ملاقات کی
ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور آزربائیجان کے مابین تعلقات کی بنیاد مذہبی اور ثقافتی اقدار پر مبنی ہے ۔ پاکستان آزربائیجان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔د ونوں ممالک کے درمیان اقتصادی ،معاشی ،توانائی ،دفاع ،زراعت سمیت قدرتی وسائل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں پارلیمانی اور ایوانِ صنعت و تجارت کے وفود کے تبادلوں کے فروغ کے حوالے سے کام کرنے پر زور دیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے اور معیشت کی بہتری کے لئے موجودہ رکاوٹوں کو دور کرنا ضروری ہے ۔سیدال خان نے کہا کہ خطے میں امن اور ترقی کیلئے پارلیمانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔پارلیمانی اور ادارہ جاتی تعاون عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ملاقات میں دو طرفہ اور کثیرالجہتی تعاون پر زور دیتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان آزربائیجان کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری شعبوں میں متواتر وفود کے تبادلوں کے ذریعے تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کیے جا سکتے ہیں ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور خاص طور پر صوبہ بلوچستان معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے ۔سی پیک منصوبہ جات اس علاقے کی تقدیر بدلنے میں اہم ثابت ہونگے ۔گوادر اور سی پیک کی بدولت پاکستان خطے کا معاشی و تجارتی حب ثابت ہوگا دنیا بھر کے سرمایہ کار اور تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقوں سے فائدہ اٹھائیں ۔ سیدال خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور میاں نواز شریف پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کر رہے ہیں اور خاص طور پر صوبہ بلوچستان کے لیے انتہائی سنجیدہ ہیں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے موسمی تبدیلیوں کے حوالے سے آذربائجان میں ہونے والی کانفرنس کو پاکستان کے لیے بہت اہم قرار دیا ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پاکستان میں آنے والے سیلاب اور بارشوں سے ہونے والی تباہیوں بارے بھی آگاہ کیا ۔
آزربائیجان کے سفیر مسٹر خضر فرہادوف نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سیدال خان کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ آزربائیجان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہ ہے ۔پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ان سے بھرپور استعفادہ کیا جائے گا ۔انہوں نے ادارہ جاتی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کاروباری شعبوں میں وفود کے تبادلوں کیلئے جلد لائحہ عمل تیار کرنے پر اتفاق کیا۔