پی ٹی آئی نے اندرونی اختلافات کے حل کے لیے عارف علوی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی
یوتھ ویژن : ( یاسر ملک سے ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی کے اندر جاری اندرونی تنازعات کے حل کے لیے سابق صدر عارف علوی کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی کو اندرونی اختلافات دور کرنے اور ایک ہفتے میں سفارشات پیش کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
عارف علوی کمیٹی کی سربراہی کریں گے، جو پارٹی رہنماؤں اور اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات اور شکایات سننے کے لیے ملاقاتیں کرے گی۔
یہ پیشرفت سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان اور پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن کے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی سے متعلق واٹس ایپ پیغامات کے لیک ہونے کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے۔
مزید پڑھیں : بشریٰ بی بی کے حوالے سے علیمہ خان اور رؤف حسن کے واٹس ایپ پیغامات سامنے آگئے
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پیغامات میں علیمہ خان کی جانب سے رؤف حسن سے بشریٰ بی بی کے پیغام کو پھیلانا بند کرنے کا انکشاف ہوا جس میں عمران خان سے جیل میں ملاقات کا ذکر ہے، کیونکہ یہ ڈس انفارمیشن سیل کو اکسائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علیمہ خان نے اس پیغام کو ’’احمقانہ‘‘ قرار دیا اور رؤف حسن پر زور دیا کہ وہ اسے مزید شیئر نہ کریں۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے مبینہ طور پر پیغام میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہیں جیل میں اکیلے پی ٹی آئی کے بانی سے ملنے نہیں دیا گیا اور جیلر پر سابق وزیراعظم کو مارنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔ پیغام میں پی ٹی آئی کے بانی اور جیلر کے درمیان ہونے والی گفتگو کا بھی ذکر کیا گیا۔
لیک ہونے والے واٹس ایپ پیغام میں علیمہ خان نے اس بات کی تردید کی کہ پی ٹی آئی کے بانی نے ایسا کوئی بیان دیا ہے اور رؤف حسن سے کہا ہے کہ وہ پیغام نہ پھیلائیں۔