کراچی میں شدید بارش کی پیش گوئی، میونسپل عملے کی چھٹیاں منسوخ
یوتھ ویژن : ( صائمہ معظم سے ) کراچی میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کے بعد کے ایم سی نے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔
میئر مرتضیٰ وہاب نے محکمہ موسمیات کی جانب سے سندھ میں مون سون کے مضبوط نظام کے داخلے کی پیش گوئی کے بعد میونسپل سروسز کے عملے کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات بوندا باندی ہوئی۔
سانگھڑ، جامشورو اور میرپور خاص کے اضلاع میں موسلادھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
محکمہ موسمیات نے بھارت کے مغربی بنگال سے سندھ کے مشرقی علاقوں تک پہنچنے والے کم دباؤ کے زیر اثر 26 سے 29 اگست تک کراچی اور سندھ کے دیگر اضلاع میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کے مطابق اس مضبوط موسمی نظام کی وجہ سے شدید بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بلوچستان، پنجاب اور ملک کے دیگر حصوں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔