پولیو کے خاتمہ کے لئے 9ستمبر 2024 سے5 روزہ مہم شروع ہوگی ڈپی کمشنر بھاولپور
بہاول پور: ( عمران قذافی سے ) ضلع بہاولپور میں پولیو کے خاتمہ کے لئے 5 روزہ مہم 9 ستمبر2024ء سے شروع ہوگی۔اس دوران 8 لاکھ 24 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ کی زیر صدارت پولیو کے خاتمہ کے لئے منعقدہ جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر سمیرا ربانی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عامر بشیر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ،ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندگان اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے جبکہ دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے بچوں کو حفاظتی ویکسین پلوائی جائے اور اس دوران 5سال تک کی عمر کا کوئی بھی بچہ پولیو کی ویکسین سے محروم نہ رہے۔انہوں نے محکمہ صحت کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں جا کر موثر انداز میں پولیو ٹیموں کی مانیٹرنگ کی جائے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر عامر بشیر نے بریفنگ میں بتایا کہ پولیو سے بچاؤ کی مہم کے دوران 9 ستمبر سے 11 ستمبر تک پولیو ٹیمیں گھر گھر جاکر 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائیں گی اور کسی بھی وجہ سے ویکسین سے محروم رہ جانے والے بچوں کو کیچ اپ ایکٹیویٹی کے تحت 12 اور 13 ستمبر کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ پولیو سے بچاؤ کی مہم کے لئے 3276 موبائل ٹیمیں، 195 فکسڈ اور 136 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ فیلڈ میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے گا۔