وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلع بھر میں ستھرا پنجاب پروگرام جاری ہے، ڈپٹی کمشنر بھاولپور
بہاول پور: (واصب غوری سے )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلع بھر میں ستھرا پنجاب پروگرام جاری ہے۔اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ نے بہاول پور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔انہوں نے متعلقہ افسران ا ور سٹاف سے کہا کہ صفائی ستھرائی کے کام بہتر انداز میں کرائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران فیلڈ مانیٹرنگ کو تیز کریں اور عملہ صفائی کو متحرک رکھیں۔انہوں نے ستھرا پنجاب مہم کے سلسلے میں اندرون شہر کے رہائشی علاقوں و کاروباری مراکزسمیت شہر بھر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد نعیم اختر اور اسسٹنٹ منیجر آپریشنز تنویر احمد منہاس بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے اندرون شہر کے دورے کے دوران یونین کونسل نمبر 12 سٹی محلہ چشتیاں اور محلہ نواباں کا اچانک معائنہ کیا اور متعلقہ علاقوں کے رہائشی اور کاروباری مراکز میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے اندروں شہر کے گلی محلوں کے رہائشیوں اور دکانداروں سے صفائی کے انتظامات کے حوالے سے استفسار کیا۔انہوں نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماحول اور اپنے گردونواح کو صاف ستھرا رکھنا صرف ایک ادارے کی ذمہ داری نہیں بلکہ سوسائٹی میں رہنے والے ہر فرد کو صفائی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنے گھروں اور دکانوں میں دو کوڑے دان رکھیں اور ہرے اور خشک کوڑا کرکٹ کو الگ الگ رکھنے کی عادت کو پروان چڑھائیں تاکہ اس کوڑے کو قابل استعمال بنایا جا سکے۔