کراچی کے شہریوں پر واٹر بم گرادیا گیا
میئر کراچی کی صدارت میں ہونے والے واٹر کارپوریشن کے بورڈ اجلاس میں پانی اور سیوریج کے بلز میں 23 فیصد اضافے کی منظوری دیدی گئی۔ذرائع
ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے کراچی کے شہریوں پر واٹر ٹیکس میں اضافے پر شہریوں میں سخت تشویش پھیل گئی
سٹی کونسل میں اپوزیشن لیڈر اور جماعت اسلامی کے رہنما سیف الدین ایڈوکیٹ نے پانی وسیوریج ٹیکس میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے بھرپور احتیجاج کا اعلان کردیا
میئر کراچی کی صدارت میں ہونے والے بورڈ اجلاس میں کراچی کے شہریوں پر واٹر بم گرادیاگیا،پانی وسیوریج کے بلوں میں23 فیصد اضافے کی منظوری کے بعد شہریوں میں سخت تشویش اور اشتعال پھیل گیا،جماعت اسلامی نے مذکورہ اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے بھرپور احتجاجی مہم چلانے کااعلان کردیا،اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ کی میئر مرتضی وہاب پر شدید تنقید،ورلڈ بینک سے لیا گیا قرضہ ہڑپ کرنے کے بعد عوامی ٹیکس سے اس کی واپسی کا الزام عائد۔تفصیلات کے مطابق ادارہ فراہمی ونکاسی آب نے کراچی کے شہریوں پر پانی وسیوریج کے چارجز میں بڑا اضافہ کردیا ہے،ذرائع کے مطابق میئر کراچی اور چیئرمین واٹر کارپوریشن مرتضی وہاب کی صدارت میں واٹر کارپوریشن کے بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پانی وسیوریج کے بلوں میں اضافے کی منظوری دی گئی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹر چارجز کی مد میں14 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ سیوریج کی مد میں 9 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے اور آئندہ ماہ سے مذکورہ 23 فیصد اضافے کے ساتھ واٹر کارپوریشن کی جانب سے بلز جاری کئے جائینگے،کراچی کے شہری جو کہ پہلے ہی کے الیکٹرک ،سوئی گیس،ایم یو سی ٹی سمیت دیگر ٹیکسز کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں ایسی صورتحال میں واٹر اینڈ سیوریج کے چارجز میں 23 فیصد بڑا اضافہ کرکے شہریوں پر واٹر بم گرادیا گیا ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی فراہمی ونکاسی آب کی بدترین صورتحال سے دوچار ہیں ایسی صورت میں واٹر اینڈ سیوریج کے بلز میں حیران کن بڑا اضافہ کراچی کے شہریوں کے ساتھ ظلم ہے ، شہریوں میں سخت تشویش اور اشتعال پایا جارہا ہے،تاہم سٹی کونسل کراچی میں اپوزیشن لیڈر اور جماعت اسلامی کے رہنما سیف الدین ایڈوکیٹ نے واٹر کارپوریشن کے بلوں میں کئے جانے والے اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ واٹر کارپوریشن تباہ حال ادارہ ہے شہریوں کو پانی اور سیوریج کی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہوچکا ہے اس ادارہ کی جانب سے بلو ں میں اضافہ شہریوں کیلئے ناقابل قبول ہے،سیف الدین ایڈوکیٹ کا کہنا ہے کہ کراچی کے شہری جو کہ پہلے ہی لاتعداد ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اور خود کشیاں کررہے ہیں ایسی صورتحال میں ایک نام نہاد منتخب میئر کی صدارت میں ہونے والے اجلاسوں میں شہریوں پر اس قسم کے ٹیکس عائد کئے جارہے ہیں،انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ واٹر کارپوریشن نے جو ورلڈ بینک سے 1.6 بلین کا قرضہ لیا ہے اس کو ادا کرنے کیلئے شہریوں پر ٹیکس عائد کررہے ہیں،سیف الدین ایڈوکیٹ کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مذکورہ اضافے پر نہ صرف آواز بلند کرے گی بلکہ بھرپور احتجاج کیا جائے گا..*