پاکستان میں سونے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
یوتھ ویژن : ( سیف الرحمن سے ) آل سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ منگل کو پاکستان میں سونے کی قیمت میں 1200 روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 1200 روپے اضافے کے بعد 257700 روپے ہوگئی۔ اسی طرح 10 گرام سونا 1029 روپے کے اضافے سے 220,936 روپے تک پہنچ گیا۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 19 ڈالر اضافے کے ساتھ 2 ہزار 458 ڈالر ہوگئی۔
پیر کو مقامی صرافہ مارکیٹ میں 24 قیراط سونے کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
اسی طرح 24 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت 219,907 روپے اور 22 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت 201,582 روپے پر مستحکم رہی، جیسا کہ آل سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کی اطلاع ہے۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، فی تولہ اور دس گرام چاندی کی قیمت بالترتیب 2,850 روپے اور 2,443.41 روپے پر برقرار ہے۔
پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کے مطابق مالی سال 2023-24 میں تقریباً 17 ملین امریکی ڈالر مالیت کا 262 کلو سونا درآمد کیا گیا۔ جبکہ 2022-23 میں 30 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ مالیت کا 566 کلو سونا درآمد کیا گیا۔