صنم جاوید کی حفاظتی ضمانت کی درخواست منظور
یوتھ ویژن : ( سدرہ بی بی سے ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے منگل کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما صنم جاوید کی 9 مئی کے مقدمے میں حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی اور صنم کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی کہ صنم جاوید کو 19 اگست تک گرفتار نہ کیا جائے۔
اس سے قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے ہنگامہ آرائی کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کارکن صنم جاوید کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
عدالت نے صنم جاوید کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
سابق ایم این اے روبینہ جمیل اور عائشہ علی بھٹہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں بھی مسترد کر دی گئیں۔
واضح رہے کہ 10 جولائی کو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال اور جسٹس علی ضیاء باجوہ پر مشتمل بینچ نے گوجرانوالہ کنٹونمنٹ پولیس کی جانب سے 9 مئی کے تشدد کے سلسلے میں درج مقدمے میں پی ٹی آئی کارکن کو بری کر دیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی کارکن صنم جاوید کو مسلسل گرفتاریوں اور دوبارہ گرفتاریوں کے بعد رہا کرنے کا حکم دے دیا۔