پنجاب کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر ردوبدل
یوتھ ویژن : ( واصب ابراہیم غوری سے ) بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے، پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں متعدد ڈپٹی کمشنرز (DCs) کے تبادلے اور تقرریاں کیں۔
یہاں سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سید موسیٰ رضا کو رفاقت علی کی جگہ نیا ڈپٹی کمشنر لاہور تعینات کیا گیا ہے جنہیں کورس پر بھیجا گیا ہے۔
محمد وسیم کو ڈپٹی کمشنر سرگودھا تعینات کر دیا گیا ہے۔ ندیم نصیر کو عبداللہ نیئر شیخ کی جگہ نیا ڈپٹی کمشنر فیصل آباد بنایا گیا ہے، جنہیں ایڈیشنل سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ تعینات کیا گیا ہے۔
اسی طرح منصور احمد خان جو بطور ڈپٹی کمشنر راجن پور خدمات انجام دے رہے تھے کو کورس کے لیے بھیجا گیا ہے اور ان کی جگہ شفقت اللہ مشہدی کو تعینات کیا گیا ہے۔
کورس کے لیے بھیجے گئے ذیشان شبیر رانجھا کی جگہ سروش فاطمہ شیرازی کو ڈپٹی کمشنر خوشاب تعینات کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے وفاقی حکومت نے مرکز کے متعدد اعلیٰ افسران کے تبادلے اور تعیناتیاں کیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حسنات قریشی کو پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (PEPRA) کا منیجنگ ڈائریکٹر (MD) تعینات کر دیا گیا ہے۔ 21 گریڈ کے افسر حسنات قریشی پاکستان آرڈیننس فیکٹریز میں فنانشل ایڈوائزر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
سیکرٹری قومی ورثہ حسن ناصر کو سیکرٹری اطلاعات کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ اسی طرح گریڈ 20 کے پولیس سروس افسر حسن رضا کی خدمات خیبرپختونخوا حکومت کو دی گئی ہیں۔
پولیس سروس کے افسر میاں سعید احمد کو بھی خیبرپختونخوا حکومت کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔