وزیراعظم شہباز شریف کی ڈی سی پنجگور پر حملے کی مذمت
یوتھ ویژن : ( ثاقب ابراہیم غوری سے ) وزیر اعظم شہباز شریف نے مستونگ میں ڈپٹی کمشنر پنجگور کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے حملے میں ڈپٹی کمشنر ذاکر بلوچ کے جاں بحق ہونے پر دکھ کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور حکام کو ہدایت کی کہ انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جائے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حملے میں ملوث افراد کی نشاندہی کی جائے گی اور انہیں مثالی سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران جان کو لاحق خطرات کے باوجود اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
اس سے قبل پیر کو مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ڈی سی پنجگور جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی سی پنجگور ذاکر بلوچ کی گاڑی کو کھڈ کوچہ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ڈی سی جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔