پاک فوج نے اقلیتوں کے قومی دن پر اقلیتی برادریوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
یوتھ ویژن : ( ثاقب ابراہیم غوری سے ) اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر پاک فوج نے ملک کی اقلیتی برادریوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (CJCSC) نے سروس چیفس کے ساتھ پاکستان بھر کی اقلیتی برادریوں کو دلی مبارکباد پیش کی۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتوں کے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
ایک بیان میں، آئی ایس پی آر نے تنوع، جامعیت اور بقائے باہمی کی اہمیت پر زور دیا اور ان اقدار کو پاکستان کی عظیم قوم کی پہچان قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اقلیتی برادریاں ہمارے معاشرے کا ایک ناگزیر اور اہم حصہ ہیں۔
آئی ایس پی آر نے پاکستان کے آئین میں درج اور اسلامی اصولوں کے مطابق اقلیتی برادریوں کے حقوق اور آزادیوں کے تحفظ کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق اور آزادی مقدس ہیں۔
آئی ایس پی آر نے قائداعظم کے وژن سے لے کر آج تک پاکستان کی تاریخ کی تشکیل میں اقلیتوں کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ بیان میں ملک کی ثقافتی شناخت، ترقی اور سماجی بنیادوں کو مضبوط بنانے میں اقلیتی برادریوں کی گراں قدر قربانیوں اور کوششوں کا اعتراف کیا گیا ہے۔