لو میں ہار گیا !!

ڈاکٹر کی ڈائری !
لو میں ہار گیا !!
ازقلم (ڈاکٹر اسد امتیاز ابو فاطمہ)
ایک فیس بُک فرینڈ کی وال پہ زیشان عثمانی صاحب کی اینٹی موٹیویشنل ویڈیو دیکھی “ہار ماننا سیکھیں”
اینٹی موٹیویشنل اس لئے کہا کہ کب موٹیوشن ضد بن کر چمٹ جائے پتا نہیں چلتا،عموماً موٹیوشنل سپیکرز آپ کو یہی کہتے نظر آئیں گے کہ نیور گیو اپ،کبھی ہار نہ ماننا اپنا ٹارگٹ حاصل کر کے رہنا،ٹرائی ٹرائی اگین،یہ سب کسی حد تک تو ٹھیک ہے لیکن یہ کہاں کی عقلمندی ہے کہ بندہ بار بار ناکامی کے باوجود ایک لائن میں ہی ٹکریں مارتا رہے؟
میرا بچپن کا دوست اور میرا کزن نام تو کچھ اور ہے لیکن بھائی لوگن کہتے ہیں اسے،اس کا سی اے(چارٹرڈ اکاونٹنٹ)میں کسی طرح ایڈمیشن ہو گیا حالانکہ مجھے اسوقت بھی پتا تھا کہ اے کام ایدے توں وادو اے لیکن میں نہیں بولا کہ شاید چل ہی پڑے،خیر بھائی لوگن نے واقعی ہمت دکھائی ہاتھی نکل گیا اور دُم رہ گئی یعنی سی اے فاونڈیشن کے سارے پیپرز نکل گئے ایک پچاس نمبر کا پیپر رہ گیا،شومئی قسمت اس پیپر کے دو بار فیل ہونے سے باقی پاس کئے ہوئے پیپرز بھی دوبارہ دینے پڑے اور اس چکر میں کوئی دو سالوں میں پانچ چھ دفعہ فیل ہوا اور ان فیلئیرز نے بھائی لوگن کا سارا کانفیڈنس ہی شیک کر کے رکھ دیا،اچھی بھلی شخصیت پہ انتہائی منفی اثرات ہوئے،پر اسکے والد صاحب میرے چچا کی فطری خواہش تھی کہ کسی طریقہ سے بیٹا پٹری پہ چڑھ جائے،لیکن میری رائے میں چاچو اور بھائی لوگن کو پہلے ہی ہار مان لینی چاہئیے تھی اور لائن چینج کر لیتے،یار کوئی ہُنر سیکھ لو،کوئی بِجنس کے گُر سیکھ لو،کہیں بارلے ملک نکل جاؤ ۔۔۔
Einstein once said ; everybody is a genius in his/her unique way but if you ask a fish to climb the tree it can’t !
عقلمند آدمی ہارنا جانتا ہے،وہ جانتا ہے کہ اسکا وقت اور اسکی انرجی اور صحیح سمت کتنی قیمتی ہے،وہ جانتا ہے کہ رشتے اسکے نزدیک زیادہ اہم ہیں بہ نسبت مکالمہ جیتنے کے وہ جانتا ہے کہ کونسی جنگ کو جاری رکھنا ہے اور کہاں واک آوٹ کرنا ہے،کس سے الجھنا ہے اور کسے سلام کہہ کر چل دینا ہے،وہ بظاہر ہار مان کر اپنا وقت انرجی اور رشتے بچا لیتا ہے،جبکہ جیت اور انا کی بعض دفعہ بہت بھاری قیمت ادا کرنی پڑتی ہے جو ہرکسی کو نظر نہیں آتی،اس جیت اور خود ساختہ غیرت کے فریب میں انسان کو اپنی اور دوسروں کی کس کس خواہش کا گلا گھونٹنا پڑتا ہے۔
اسی نے سب سے پہلے ہار مانی
وہی سب سے دلاور لگ رہا تھا
مجھ سے جلدی ہار کر میرا حریف
جیتنے کا لطف سارا لے گیا
زندگی میں جب بے بسی چاروں طرف اپنے پر پھیلائے نظر آئے تو استکبار والا عزم چھوڑ دیں اپنے پروردگار کے حضور جھک جائیں؛
اے اللہ میں ہار گیا ۔۔میری بس ہو گئی ہے
اب تو ہی مجھے نئی راہ سُجھا۔۔