اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں مون سون سیزن کی شجر کاری مہم کا آغاز ہوگیا-
یوتھ ویژن : اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں مون سون سیزن کی شجر کاری مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس مہم کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر نے آج بغداد الجدید کیمپس میں پودا لگا کر کیا۔
گرین یوتھ موومنٹ کلب اور اسٹیٹ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام شجر کاری مہم کے دوران کیمپس میں تین ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن نے ایک ہزار پودے فراہم کیے ہیں۔
اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ یوم آزادی کے بابرکت مہینے کے آغاز پر شجر کاری مہم کا آغاز ایک سرسبز و شاداب پاکستان کے لیے فیکلٹی طلبہ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں عالمی درجہ حرارت میں اضافہ اور حالیہ دنوں میں محسوس ہونے والی غیر معمولی گرمی کا تقاضا ہے کہ معاشرے کا ہر فرد درخت لگائے اور ان کی دیکھ بھال کرے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ شجرکاری کے لیے مقامی پھلوں اور سایہ دار درختوں کو ترجیح دی جائے۔ اس موقع پر شعبہ جغرافیہ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد اور چیئرمین ہال کونسل، شعبہ اقتصادیات کے چیئرمین ڈاکٹر عابد رشید گل اور گرین یوتھ موومنٹ کلب کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر آصف خان، چیئرمین ہال کونسل پروفیسر ڈاکٹر آصف خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ شعبہ انگلش لٹریچر، پرنسپل آفیسر سٹیٹ کیئر ڈاکٹر محمد لطیف، اساتذہ، طلباء، اور عملہ کے اراکین بھی موجود تھے۔