ایف آئی اے نے 6 ماہ میں سائبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 900 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

یوتھ ویژن : ( شہزاد حُسین بھٹی سے ) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران سائبر قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں 900 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔
اس سال آن لائن سائبر کرائم کیسز میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ روزانہ 116 انکوائریوں پر کارروائی کرتا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ سال کے پہلے چھ ماہ میں 52 ہزار مشتبہ افراد کے خلاف 21 ہزار سے زائد انکوائریاں درج کی گئیں۔ اس عرصے کے دوران تقریباً 5500 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
300 سے زائد مقدمات میں الزامات عائد کیے گئے ہیں، جن میں بینک فراڈ، خواتین اور بچوں کی رازداری کی خلاف ورزی، ڈیٹا کی چوری، بلیک میلنگ اور مالیاتی لین دین جیسے مسائل کا احاطہ کیا گیا ہے۔
صرف لاہور زون میں 1600 سے زائد انکوائریاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ صوبائی دارالحکومت کے سائبر کرائم ونگ میں 982 مقدمات درج کیے گئے۔ مزید برآں گوجرانوالہ میں 1,555 اور فیصل آباد میں 1,583 انکوائریاں رجسٹر کی گئیں۔
اس کے علاوہ ملتان زون میں 1363 سے زائد، اسلام آباد میں 1525 اور پشاور میں 642 انکوائریاں رجسٹر کی گئیں۔ گوجرانوالہ زون میں 747، فیصل آباد زون میں 580 اور پشاور زون میں 459 مقدمات درج ہوئے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے 5100 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملزمان سے مجموعی طور پر 5.5 ارب روپے کی ریکوری بھی کی گئی ہے۔