ممتاز ماہر تعلیم زاہد یونس ریٹائر ہوگئے
بہاول پور ( فیض رسول ہاشمی سے ) استاد الاساتذہ ، معروف ماہرِ تعلیم زاہد یونس مدتِ ملازمت مکمل ہونے کے بعد 30جون 2024 کو ریٹائرڈ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بہاول پور کی دھرتی پر ایسے اساتذہ کا جنم ہوا جنھوں نے اس شعبہ اور شہر کا نام روشن کیا۔ معروف ماہرِ تعلیم زاہد یونس بھی ان میں سے ایک ہیں جو 30 جون 2024 کو اپنی مدتِ ملازمت مکمل ہونے کے بعد ریٹائرڈ ہوگئے۔ 32 سالہ تدریسی سفر پنجاب پبلک سروس کمیشن میں کامیابی کے بعد شروع ہوا۔
2 دسمبر 1993 کو گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول بہاول پور میں تعیناتی ہوئی اور اسی ادارے سے بہ حیثیت سینئر سائنس ٹیچر اپنی ذمہ داری مکمل کرکے رختِ سفر باندھ رہے ہیں۔ آپ کو بیشتر مواقع پر ڈویژن اور تحصیل کی سطح پر بہترین استاد کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ اس موقع پر سکول ہذا کے پرنسپل اور اساتذہ نے خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول بہاول پور کی کامیابیوں میں کلیدی کردار ادا کیا-
جس کی وجہ سے ہمیشہ سکول کا وقار بلند ہوا۔ شعبہ تعلیم میں آپ کی خدمات مثالی ہیں اور آپ کی کمی ہمیشہ محسوس ہوگی۔ اس مناسبت سے عزیزوں و اقارب و طلبہ نے مبارک باد دی اور صحت و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ یاد رہے کہ آپ نے اپنی ابتدائی تعلیم گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول بہاول پور سے ہی حاصل کی جب کہ اعلٰی تعلیم کے سلسلہ میں گورنمنٹ کالج لاہور میں زیرِ تعلیم رہے۔