ریڈیو پاکستان کی لیجنڈ اردو نیوز کاسٹر تسکین ظفر انتقال کر گئیں
یوتھ ویژن : ریڈیو پاکستان کی لیجنڈ آواز، اردو نیوز کاسٹر تسکین ظفر آج راولپنڈی میں مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ وہ 67 سال کی تھیں۔
ان کی نماز جنازہ آج سہ پہر 4:30 بجے عیدگاہ لالکورتی راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔
1957 میں راولپنڈی میں پیدا ہونے والی تسکین ظفر کا نشریاتی کیریئر چار دہائیوں پر محیط تھا۔ انہوں نے 1980 میں ریڈیو پاکستان میں بطور اناؤنسر شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان کے نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز چینل پر پروگراموں کی میزبانی بھی کی۔
وہ پاکستان ٹیلی ویژن (PTV) سے بھی وابستہ رہیں جہاں وہ خبریں پڑھتی تھیں اور موسیقی کے پروگراموں کی میزبانی کرتی تھیں۔ تسکین ظفر کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں گزشتہ سال صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔
ریڈیو پاکستان اور پوری نشریاتی برادری ایک لیجنڈ کے انتقال پر سوگوار ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے ان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
آج ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تسکین ظفر کے انتقال کی خبر سن کر انہیں بہت دکھ ہوا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تسکین ظفر ایک باصلاحیت اور تجربہ کار نیوز کاسٹر تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی موت سے نہ صرف ریڈیو پاکستان بلکہ پوری میڈیا انڈسٹری کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔
وزیر نے تسکین ظفر کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہرہ شاہد اور ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سعید احمد شیخ نے بھی لیجنڈ براڈ کاسٹر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔