آئی ٹی انڈسٹری کو 25 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں، سپورٹس کو صنعت کا درجہ دینے جا رہے ہیں،رانا مشہود احمد خان
یوتھ ویژن : ( مظہر اسحاق چشتی سے ) چیئرمین وزیراعظم پاکستان یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کو 25 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں، نوجوانوں کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، آئندہ بجٹ سے عوام کی بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، سپورٹس کو صنعت کا درجہ دینے جا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں ایوان اقبال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ارفع کریم ٹاور کی سی ای او تابندہ اسلام اور شہباز فہدبھی موجود تھے۔رانا مشہود احمد خان نے کہاکہ دنیا میں آئی ٹی سیکٹر میں پاکستان ابھر رہا ہے،پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کو فروغ دیناوزیر اعظم محمد شہباز شریف کی اولین ترجیح ہے،اس وقت پاکستان میں آئی ٹی کی انڈسٹری 2.5 ارب ڈالر کی ہے جسے محمد شہبازشریف کے ویژن کے مطابق 25 ارب ڈالر تک لیکر جانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے بھر پورمواقع فراہم کئے جائیں گے، ارفع کریم آئی ٹی کے میدان میں ترقی کا نام ہے،ارفع کریم اپنی زندگی میں اور زندگی کے بعد بھی پاکستان کی سفیر ہیں، وہ نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہیں،جو ویژن ارفع کریم نے پاکستان کے نوجوانوں کو د یا تھا وہ ترقی کا ویژن ہے جس کو لیکر پاکستان آئی ٹی کے میدان میں ترقی کی منازل طے کرے گا۔انہوں نے کہاکہ میں بنگلہ دیش میں تھا تو ادھر دیکھا کہ ارفع کریم کے نام سے ادارے ہیں اور ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس میدان کا ارفع نے ملک کو ویژن دیکھایا تھا اسے پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔رانا مشہود نے کہا کہ آئندہ بجٹ سے عوام کی بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، یوتھ کو اوپر لے کر آنا وزیر اعظم کا ویژن ہے،بجٹ منظوری کے یوتھ پروگرام کی تفصیلات سامنے لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ،آرٹس ،کلچر اور سپورٹس سمیت دیگر جن شعبوں میں دنیا بھر میں ترقی ہو رہی ہے ،پاکستان آنیوالے دنوں میں ان شعبوں میں لیڈ کرے گا،حکومت کی پوری کوشش ہوگی کہ یوتھ پروگرام سے نوجوان نسل بھرپور فائدہ اٹھا سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت 23 کھیلوں کے مقابلے ہوں گے، ہم ابھی سے 2028 ء اولمپکس کی تیاری کررہے ہیں، ہم سپورٹس انویسمنٹ فٹ بنانے جارہے ہیں، مختلف سپورٹس کی لیگ شروع کروائیں گے،ہاکی کی ترقی کیلئے کرکٹ کی طرح لیگ شروع کرنے جارہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے کرپشن کی ہے ،ان کو پکڑا جانا چاہئے، ماضی میں جس طرح نیب سیاسی جماعتوں کے ساتھ سلوک کرتا رہا ہے، اب ایسا نہیں ہو گا، چاہے کوئی بھی سیاسی جماعت ہو،نیب کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہئے بلکہ اسے میرٹ پر کام کرنا چاہئے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ای روزگار کیلئے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت اڑھائی سو سنٹرز ملک بھر میں قائم کئے جا رہے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ آئی ٹی کمپلکس اسلام آباد میں مکمل ہونے جا رہا ہے جبکہ کراچی کا ٹینڈر ہونے والا ہے،ای پروگرام کے تحت پاکستان کے بچوں کو ایک سنہرا مستقبل دینے جا رہے ہیں، نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں بھر پور مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رواں سال کے بجٹ میں وزیراعظم بتائیں گے کہ ملک بھر میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بے تحاشا پروگرام شروع کئے جا رہے ہیں، وزیراعظم کا کھیلوں کا انڈوومنٹ فنڈ وفاق کی سطح پر لایا جا رہا ہے ،ابھی سے ہم 2028ء کی اولمپکس کو ٹارگٹ کر رہے ہیں ۔