بہاول پور پریس کلب نے مظلوموں کی آواز اقتدار کے اعلیٰ ایوانوں تک پہنچانا شروع کر دی

یوتھ ویژن : بہاول پور پریس کلب بہاول پور (رجسٹرڈ) نے مظلوموں کی آواز اقتدار کے اعلیٰ ایوانوں تک پہنچانا شروع کر دی ، صدر پریس کلب چودھری محمد سلیم کی ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب سے ملاقات ، چوہدری سلیم نے سابق ڈی پی او بہاول پور سیّد عباس شاہ ، سابق ڈی ایس پی سی آئی اے جمشید اور پولیس کے معروف ٹاؤٹ عبداللہ و دیگر پولیس افسران و اہلکاروں کے ظلم کا شکار ہونے والے 600 سے زائد شہریوں کو انصاف کی راہ میں رکاوٹ بننے والے ایس پی انوسٹی گیشن ، ڈی ایس پی لیگل کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا ۔
اِس موقع پر صدر پریس کلب کے ہمراہ معروف سینئر صحافی جمشید رضوانی اور افتخار احمد بھی موجود تھے ۔ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران کو صدر پریس کلب نے بہاول پور پولیس کے عوام پر توڑے جانے والے مظالم کے نا قابل تردید ثبوت بھی فراہم کئے ۔ اِس موقع پر ایڈیشنل آئی جی محمد کامران نے جلد ایک غیرجانبدار انکوائری کمیشن تشکیل دینے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پولیس عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے نا کہ انہیں ہراساں و پریشان کرنے کے لیے ۔ انہوں نے کہا کہ بہاول پور کے عوام کو پولیس کی جانب سے ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا اور اور اُن کی داد رسی کی جائے گی ۔ چودھری محمد سلیم نے ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بہاول پور پریس کلب بہاول پور (رجسٹرڈ) ایک غیر جانبدار فورم ہے جہاں ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کی آواز اعلیٰ حکام تک بذورِ قلم و کیمرہ پہنچائی جاتی ہے ۔ تاہم سابق ادوار میں بہاول پور پولیس کی چیرہ دستیوں کے باعث سینکڑوں شہری زیر عتاب رہے جن کو انصاف کی فراہم پولیس کے اعلیٰ حکام کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اِس ضمن میں بہاول پور پریس کلب کی جانب سے 600 سے زائد شہریوں کی داد و فریاد پیش کی جا رہی ہیں جن پر ہمدرانہ غور کرنا بھی ضروری ہے ۔ جس پر ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب نے ایک غیر جانبدارانہ انکوائری کمیشن تشکیل دینے کا عندیہ بھی دیا ہے ۔