ریاست بہاولپور کے نواب سر صادق خان عباسی خامس کی 58ویں برسی کے موقع پر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بہاول پور میوزیم میں پینٹنگ کے مقابلہ جات کا انعقاد
بہاول پور (یوتھ ویژن ) ریاست بہاولپور کے آخری نواب سر صادق خان عباسی خامس کی 58ویں برسی کے موقع پر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بہاول پور میوزیم ،بیت الفن آف اسلامک کیلیگرافی اینڈ آرٹ، ہمایونز آرٹ گیلری اور الصادق ڈیزرٹ ویلفیئر آرگنائزیشن کے اشتراک سے بہاول پور میوزیم کی آرٹ گیلری میں پینٹنگ کیمپیٹشن منعقد کیا گیا۔اس مقابلہ میں حصہ لینے والے آرٹسٹوں نے پینٹنگز اور سکیچز کے ذریعے نواب آف بہاولپور کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر رانا طارق نے تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواب سر صادق محمد خان عباسی کی پاکستان کے لیے خدمات ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں اور اپنے محسنوں کویاد رکھنا اور انکی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا زندہ قوموں کا شیوہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ نواب سرصادق محمد خان عباسی خامس نے تعلیم، صحت، عدل وانصاف ،انفراسٹرکچر اور خاص طور پر جمہوری روایات کو فروغ دینے کے لیے گراں قدر اقدامات کیے جو آج بھی اس خطے کی ترقی و خوشحالی کے ضامن ہیں ۔ تقریب کے مہمان اعزاز ڈاکٹر مغیث امین نے کہا کہ نواب آف بہاول پور کا دور حکومت فلاحی دور تھا ۔ انھوں نے قیام و استحکام پاکستان کے لیے بھی گراں قدر مالی معاونت کی جو لائق تحسین ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر میوزیم محمد زبیر ربانی نے کہا کہ نواب صاحب کی سیاسی بصیرت آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے ۔ بہاول پور میوزیم کی بہاول پور گیلری اور دیگر نادر اشیاء ریاستی ترقی اور نواب صاحب کے ویژن کی بہت اچھی ترجمان ہیں۔ بہاول پور کے معروف آرٹسٹ و صدر بیت الفن آف اسلامک کیلیگرافی اینڈ آرٹ اور ہمایونز آرٹ گیلری کے بانی ہمایوں اعظم نے کہا کہ ہمارے نوجوان صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں ہیں۔ آج کے مقابلے میں شریک سب نے جس شاندار انداز میں نواب آف بہاولپور کو خراج تحسین پیش کیا ہے وہ قابل تعریف ہے ۔ انھوں نے کہا کہ بیت الفن آف اسلامک کیلیگرافی اینڈ آرٹ اور بہاول پور میوزیم آرٹ کے فروغ کے لیے مزید سرگرمیوں کے تسلسل کو جاری رکھیں گے۔ تقریب میں بہاول پور کے معروف سینئر خطاط و آرٹسٹ کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور پروگرام کو بے حد سراہا۔ پینٹنگز مقابلے میں ڈاکٹر صہیب افتخار نے اول پوزیشن حاصل کرتے ہوئے سند اور 20 ہزار کے حقدار ٹھہرے۔ اسد علی جعفری اور مدثر وحید نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ مقابلے میں ججز کے فرائض۔ معروف خطاط افضل جہانگیر ، شعیب عاصم، انعم امتیاز، آفتاب فاروق اور خالد سعید نے ادا کیے۔ تقریب میں نظامت کے فرائض اشرف خان نے سر انجام دئیے ۔
کیپشن : نواب سر صادق خان عباسی خامس کی 58ویں برسی کے موقع پر بیت الفن و بہاول پور میوزیم کے اشتراک سے میوزیم میں منعقدہ پینٹنگز مقابلے میں مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر رانا طارق اور ڈاکٹر مغیث امین مقابلے میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے آرٹسٹ کو سند و انعام سے نواز رہے ہیں ۔
- نواب سر صادق خان عباسی خامس کی 58ویں برسی کے موقع پر بیت الفن و بہاول پور میوزیم کے اشتراک سے منعقدہ پینٹنگز مقابلے کے شرکاء کا رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر رانا طارق اور ڈاکٹر مغیث امین کے ہمراہ گروپ فوٹو ۔