اقبال اکادمی پاکستان کی ہیئت حاکمہ کے 60 ویں اجلاس
یوتھ ویژن : لاہور،( فریدہ خانم ) 26 جنوری: وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت سید جمال شاہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ گورننگ باڈی کے ممبران کی رہنمائی اور سفارشات کی روشنی میں اقبال اکادمی پاکستان نوجوان نسل میں علامہ اقبال رح کی فکر اور پیغام کو فروغ دینے میں کامیاب رہے گی۔
ایوان اقبال میں منعقدہ اقبال اکادمی پاکستان کی گورننگ باڈی کے 60ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سید جمال شاہ نے کہا کہ ہمارے اسکالرز کی کوششوں سے فکر اقبال کو سمجھنے کی روایت بہتر طریقے سے آگے بڑھ رہی ہے۔ فکر اقبال کی ترویج کے لئے قائم قومی ادارے اقبال اکادمی پاکستان کو مزید مضبوط اور فعال دیکھنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں اسے ہر قسم کا تعاون اور سرپرستی فراہم کی جائے گی, تاکہ یہ اپنا کردار بہتر انداز میں ادا کر سکے۔
گورننگ باڈی کے اراکین سینیٹر ولید اقبال، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق، ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحقیقات اسلامی، سید شوکت امین شاہ، خازن اقبال اکادمی، پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، وی سی یونیورسٹی آف گوادر، نوید خالد، ڈپٹی سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن، عبدالعظیم، ڈی جی ڈوم اور مسٹر صحبت علی تالپور، جوائنٹ سیکرٹری، فنانس ڈویژن نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز میں بورڈ نے معروف اقبال اسکالر، سابق رکن گورننگ باڈی پروفیسر ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی اور فکر اقبال کی ترویج کے لیے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
اقبال اکادمی پاکستان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے اراکین کو اکادمی کی کارکردگی اور ایجنڈے کے بارے میں آگاہ کیا۔
گورننگ باڈی نے کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے صوبائی دارالحکومتوں میں اقبال اکادمی کے ذیلی دفاتر کے قیام کے لیے فزیبلٹی بنانے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی۔ گورننگ باڈی نے اقبال اکادمی کو ہدایت کی کہ وہ آن لائن سٹورز کے ذریعے اکادمی کی مصنوعات کی فروخت کو بڑھانے کے لیے جدید مارکیٹنگ ٹولز کو اپنائے۔ گورننگ باڈی کے اراکین نے حال ہی میں ہونے والی انٹرنیشنل اقبال کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر ڈائریکٹر اقبال اکادمی ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
بعد ازاں وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت سید جمال شاہ نے ڈائریکٹر جنرل DOAM ڈاکٹر عبدالعظیم اور ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان کے ہمراہ علامہ محمد اقبال رح کی پرانی رہائش گاہ 116 میکلیوڈ روڈ لاہور کا بھی دورہ کیا۔ ڈاکٹر عبد العظیم نے جمال شاہ کو رہائش گاہ کے تحفظ کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت مذکورہ عمارت کی بحالی پر کام کر رہی ہے۔