آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، افغانستان کی موجودہ صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا

qamar javed bajwa 696x400 1

اسلام آباد۔ (واصب ابرایم غوری سے ):بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، افغانستان کی موجودہ صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے او آئی سی کے وزراء خارجہ کونسل کا 17 واں غیرمعمولی اجلاس اسلام آباد میں بلانے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ او آئی سی کے غیرمعمولی اجلاس سے افغانستان کو بڑھتے ہوئے سکیورٹی اور انسانی بحران سے بچانے کی عالمی کوششوں کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور امت مسلمہ میں سعودی عرب کے منفرد مقام کو تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں استحکام کے لیے تنازعہ کشمیر کا پرامن حل ناگزیر ہے۔

آرمی چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ علاقائی امن اور خوشحالی کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے۔ ملاقات کے لیے آئے معزز مہمان نے افغان صورتحال، بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کوششوں، علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں