سرد موسم کی شدت کے پیش نظر پناہ گاہوں میں دی جانے والی سہولیات میں اضافہ، شٹل سروس کا آغاز کردیا، نسیم الرحمن
اسلام آباد: (عثمان صادق سے) وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے پناہ گاہ نسیم الرحمن نے میڈیا سے حال ہی میں ہونے والی ایک گفتگو میں بتایا ہے کہ سرد موسم کی شدت کے پیش نظر پناہ گاہوں میں دی جانے والی سہولیات میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ موسم سرما میں پناہ گاہوں میں عارضی قیام کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جس کے پیش نظر اسلام آباد کی پناہ گاہوں کیلئے شٹل سروس مہیا کر دی گئی ہے تاکہ مستحقین کو بوقت ضرورت ایک سے دوسری پناہ گاہ میں شفٹ کیا جاسکے۔ اس کے علاوہ پناہ گاہوں میں گرم پانی کی سہولیات کا بھی اور رہائشی کمروں اور ہالز میں ہیٹر کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔ جب کہ مقامی رضا کار ڈاکٹرز بھی وقتا فوقتا پناہ گاہ میں ٹھہرنے والوں کے علاج معالجے کی غرض سے اپنی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں رش کے پیش نظر ہر پناہ گاہ میں پچاس سلیپنگ بیگز بھی فراہم کئے گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پناہ گاہ میں آنے والے مزدور پیشہ افراد کو سہولیات پہنچانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کی خصوصی ہدائیت کی ہے جس کے پیش نظر پناہ گاہوں کا عملہ تمام ضروری اور عملی اقدامات کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ انھوں نے کہا کہ بہت سے مخیر حضرات بھی ان غریب لوگوں کیلئے کپڑے، جیکٹیں، جوتے اور دیگر اشیا فراہم کرنے کیلئے رابطہ کر رہے ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت یہ مثبت تعاون ایک خوش آئیند بات ہے۔ نسیم الرحمن نے بتایا کہ فنی تربیت فراہم کرنے والے اداروں کے اشتراک سے ان مزدور پیشہ اور دیہاڑی دار لوگوں کی بنیادی فنی تربیت کے منصوبے بھی زیر غور ہیں جنھیں مستقبل قریب میں عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت احساس پروگرام کے تحت ملک کے پسے ہوئے طبقات کی بحالی اور انھیں ریلیف فراہم کرنے کے جامع پیکج پر شب وروز کام کر رہی ہے اور مکان اور روٹی سے آگے کی سوچ کو پروان چڑھانے کیلئے پالیسیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔