خدیجہ شاہ کا کیسز کی معلومات کیلئے لاہورہائیکورٹ سے رجوع
یوتھ ویژن نیوز : ( واصب غوری سے ) پی ٹی آئی رہنما خدیجہ شاہ نے کیسز کی تفصیلات کیلئے لاہورہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ، جس میں کہا خدشہ ہے اب ضمانت منظور ہونے کے بعد نامعلوم کیس میں گرفتار کرلیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما خدیجہ شاہ نے کیسز کی تفصیلات کیلئے لاہورہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ، خدیجہ شاہ نے درخواست سمیر کھوسہ ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی۔
درخواست میں حکومت پاکستان، آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ درخواست گزار کیخلاف معلوم اور نامعلوم مختلف کیسز درج کئے گئے ہیں، درخواست گزار کو ایک مقدمہ میں رہائی کے بعد دوسرے کیس میں گرفتار کرلیا جاتا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ خدشہ ہے اب ضمانت منظور ہونے کے بعد نامعلوم کیس میں گرفتار کرلیا جائے گا، استدعا ہے کہ عدالت درخواست گزار کیخلاف کیسز کی تفصیلات طلب کرے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت کسی بھی نامعلوم کیس میں گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دے، عدالت نامعلوم کیسز میں درخواست گزار کی حفاظتی ضمانت منظور کرے۔