ترکش قونصل جنرل درمش باش کی گورنر ہائوس میں اہم ملاقات
گورنر پنجاب نے قونصل جنرل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،پاکستان اور ترکیہ کے مابین تعلیم، تجارت اور سیاحت کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ترکیہ ہمارا بردار ملک ہے جس سے گہرا تاریخی اور مذہبی رشتہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے مابین تعلیمی اور تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں
۔عوامی سطح پر وفود کے تبادلوں سے تجارت اور سیاحت کے شعبے میں دو طرفہ تعلقات کومزید فروغ ملے گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی بڑی تعداد میں سیاحت کی غرض سے ترکیہ جاتے ہیں اورپاکستانی طلبہ بھی کثیر تعداد میں ترکیہ کی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترک سرمایہ کاروں کے لیے فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کے مواقع موجود ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ترکیہ کی پاکستان میں گذشتہ سال سیلاب زدگان کی مدد کے لیے شکر گزار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ میں زلزلہ زدگان بہن بھائیوں کی مدد کے لیے پاکستانی حکومت اور عوام نے آگے بڑھ کر مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے تعاون سے مظفر گڑھ میں قائم سٹیٹ آف دی آرٹ رجب طیب اردوان ہسپتال لوگوں کو معیاری صحت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ترکیہ کے ساتھ صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہشمند ہیں۔
ملاقات کے دوران ترکش قونصل جنرل درمش باشتو نے کہا کہ پاکستان میرا دوسرا گھر ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکش کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلبہ اور بزنس مین کے لیئے ویزوں میں آسانیاں پیدا کرنا ترجیح ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں موٹیویشنل سپیکر، فرینڈز آف پیرا پلیجک پاکستان کے سرپرست اعلی امجد صدیقی نے ملاقات۔ملاقات میں خصوصی افراد کو درپیش مسائل پرتفصیلی گفتگوکی گئی۔
ملاقات کے دوران گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہاکہ آپ کی جدوجہد کئی لوگوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے جس ہمت اور حوصلے سے معاشرے میں اپنا ایک مقام بنایا وہ قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ معاشرے کے لئے کارآمد شہری بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے معاشرتی رویے جو ان افراد کی دل آزاری کا سبب بنیں ، کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بطور چانسلر یونیورسٹیوں میں خصوصی افراد کو درکار سہولیات مہیا کرنے کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔
اس موقع پر موٹیویشنل سپیکر، فرینڈز آف پیرا پلیجک پاکستان کے سرپرست اعلی امجد صدیقی نے کہا کہ خصوصی افراد کے لیے پیرا پلیجک سینٹر (Paraplegic centre)قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں خصوصی افراد کے لیے ویل چیئر ریمپس سمیت دیگر سہولیات بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کو بھی خصوصی افراد کی طرف معاشرے کے عمومی رویے بہتر کرنے اور انہیں درپیش مسائل کی نشاندہی میں مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے خصوصی افراد کو درپیش مسائل متعلقہ اداروں تک پہنچانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔