ملک کی تمام نیشنل ہائی ویز اور موٹرویز پر سفر کرنے والوں کیلئے خوشخبری


لاہور (مبشر بلوچ سے ) ملک کی تمام نیشنل ہائی ویز اور موٹرویز پر سفر کرنے والوں کیلئے خوشخبری، قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کو موبائل و براڈ بینڈ سروسز فراہمی کے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا۔
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے تحت ملک کی تمام نیشنل ہائی ویز اور موٹرویز پر بلاتعطل موبائل نیٹ ورکنگ کی فراہمی کے خصوصی پروگرام کے تحت مجموعی طور پر تقریبا 30 کروڑ روپے لاگت سے ایم تھری اور اور ایم فائیو کیلئے دو منصوبوں کا اجراء کردیا گیا۔
وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کے مطابق اس اہم پراجیکٹ کے اجراء پر میں وفاقی وزیر سید امین الحق اور یونیورسل سروس فنڈ کا شکر گزار ہوں۔

اس پراجیکٹ کے ذریعے نہ صرف موٹر ویز اور نیشنل ہائی ویز پر سفر کرنے والے مسافروں کو سہولیات کی فراہمی ہوگی بلکہ کسی ایمرجنسی کی صورت میں فوری رابطے اور ریسکیو بھی ممکن ہوسکے گا۔ جبکہ وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کا کہنا ہے کہ پہلے منصوبے ” ایم تھری” کے تحت شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور خانیوال اضلاع سے گزرنے والی موٹر وے کے 54.92 کلومیٹر پر بلاتعطل موبائل و براڈ بینڈ بینڈ سروسز فراہم کی جائیں گی، جس پر دی جانے والی سبسڈی کی رقم 14 کروڑ سے زائد ہے۔

جس سے نہ صرف موٹرے وے کا “ان سروڈ” اور “انڈر سروڈ” حصہ سیلولرنیٹ ورکنگ کے دائرے میں آجائے گا بلکہ اس سے متصل اضلاع گاؤں اور دیہاتوں کو بھی سہولیات میسر آئیں گی۔ جبکہ دوسرے منصوبے ’’ایم فائیو‘‘کے تحت ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، کشمور، گھوٹکی اور سکھر سے گزرنے والی 78.85 کلومیٹر شاہراہ پر براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کی جائے گی۔
اس منصوبے پر سبسڈی کا حجم 15 کروڑ 47 لاکھ روپے ہے۔ یونیورسل سروس فنڈ کے تحت اب تک ایک ہزار 929 کلومیٹر طویل مرکزی شاہراؤں پر بلاتعطل موبائل نیٹ ورک کی فراہمی کے پراجیکٹس مکمل کیئے گئے ہیں۔ ہمارا عزم ہے کہ “موٹر ویز اور نیشنل ہائی ویز ” پروگرام کے ذریعے ملک کی تمام اہم شاہراؤں پر بلاتعطل موبائل نیٹ ورک کی فراہمی کے پراجیکٹس کیئے جائیں اور اس ضمن میں ہم تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں