آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا دورہ ترکیہ،صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا دورہ ترکیہ،صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر دورہ ترکیہ پر ہیں جہاں انہوں نےترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے ترک وزرائے خارجہ اور دفاع، ترک جنرل اسٹاف کے کمانڈر اور ترکیہ کی بَری اور فضائی افواج کے کمانڈروں سے بھی ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کے دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے مابین فوجی اور دفاعی تعاون کو بڑھانا ہے۔
آرمی چیف نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے ترک فوج کی کوششوں کو سراہا اور آپریشنل تیاریوں کے معیار کی تعریف کی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات مضبوط اور برادرانہ ہیں جو ہمیشہ قائم رہیں گے،پاک فوج ترکیہ کی بَری افواج کو متعدد شعبوں میں مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے، پاکستان ہمیشہ اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ مصیبت اور خوشی کے لمحات میں کھڑا رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرتا رہے گا۔