پٹرول اور بجلی کے بعد گیس کی قیمت میں 45 فیصد مزید اضافہ ہونے کا امکان
یوتھ ویژن نیوز : پٹرول اور بجلی کے بعد اب گیس مہنگی ہونے کا امکان، عوام کی جیبوں سے 400 ارب روپے سے زائد نکالنے کا پلان تیار کر لیا گیا، گیس کی قیمت میں 45 فیصد اضافہ متوقع۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے ترجمان برائے معاشی امور اور وزارت خزانہ کے سابق ترجمان مزمل اسلم کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میں عوام پر گیس بم گرانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹویوٹا کار سازکمپنی کی 14 میں 12 فیکٹریاں بند ہوگئیں
مزمل اسلم کے مطابق گیس کی قیمت میں 45 فیصد اضافہ متوقع ہے، یوں گیس مہنگی کر کے عوام کی جیبوں سے 400 ارب روپے سے زائد نکالے جائیں گے۔ جبکہ سماء نیوز کی رپورٹ میں بھی تصدیق کی گئی ہے کہ آنے والے دنوں میں گیس کی قیمت میں بڑا اضافہ کرنے کا پلان تیار کر لیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ ختم کرنے کیلئے قدرتی گیس اور امپورٹڈ ایل این جی کی قیمتوں میں فرق کو ختم کیا جائے گا۔
اس وقت ملک میں مقامی گیس کی قیمت 8 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہے، جبکہ ایل این جی کی فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت 13 ڈالرز ہے۔ حکومت اس فرق کو ختم کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔
دوسری جانب آئی ایم ایف نے گیس سیکٹر کے گردشی قرض سے متعلق شرائط پر سختی سے عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔ حال ہی میں ہوئی ایک ورچوئل میٹنگ کے دوران نگران وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف حکام کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گردشی قرض کم کرنے کیلئے ٹیرف ریٹ بڑھایا ہے، جون 2024 تک گردشی قرض 2128 ارب تک لایا جائےگا، گردشی قرض میں کمی کیلئے سبسڈیز ختم کی جا رہی ہیں۔
میٹنگ میں نگران وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف حکام کو معاہدے کی شرائط پر عملدرآمد سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ اقتصادی جائزہ شروع ہونے سے قبل معاہدے کی شرائط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔