ساس اوربہودونوں ہی امیدوار
مہمند (محمد اکرام ) خیبر پختونخوا میں ایک ہی گھر سے ساس اور بہو بلدیاتی انتخابات میں امیدوار بن گئیں۔ انتخابات میں حصہ لینے کا مقصد مسائل سے پریشان خواتین کے حقوق کیلئے آواز اٹھانا ہے، ساس اور بہو دو الگ الگ ویلیج کونسلز سے خواتین کی نشستوں پر الیکشن لڑیں گی۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند کے ایک ہی گھرانے کی ساس اور بہو بلدیاتی الیکشن میں امیدوار بن گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فاٹا انضمام کے بعد ضلع مہمند میں پہلی بار بلدیاتی انتخابات میں مرد امیدواروں کے ساتھ خواتین بھی الیکشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ اسی دوران ایک دلچسپ صورت حال سامنے آئی ہے جس میں ایک ہی گھرانے سے دو خواتین الیکشن لڑنے کے لیے میدان میں اتر آئی ہیں۔
ساس اور بہو دو الگ الگ ویلیج کونسلز سے خواتین کی نشستوں پر الیکشن لڑ رہی ہیں۔
یہ دونوں خواتین گھر گھر جا کر بھر پور انتخابی مہم چلا رہی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ویلیج کونسل ترکزئی 3 سے عوامی نیشنل پارٹی کی امیدوار 65 سالہ دنیا بی بی ساس بھی ہیں اور ان کا مشن معاشرے کے کمزور طبقے کے مسائل حل کرنا ہے۔ جبکہ دوسری جانب دنیا بی بی کی ہی بہو 35 سالہ رابعہ بی بی جو کہ 4 بچوں کی ماں ہے اور وہ ویلیج کونسل ترکزئی 2 سے آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔
رابعہ بی بی کا کہنا ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے کا مقصد مسائل و مشکلات سے پریشان خواتین کے حقوق کے لیے آواز اٹھانا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں ساس بہو انتخابی مہم میں بھی ایک دوسرے کی مدد کرتی ہیں اور کھانا پکانے، برتن دھونے اوردیگرگھرکے کاموں میں بھی ایک دوسری کا ہاتھ بٹاتی ہیں۔ واضح رہے کہ بلدیاتی انتخابات میں ضلع مہمند کے 65 ویلیج کونسلز سے 155 خواتین امیدوار میدان میں ہیں