الیکشن کمیشن جس تاریخ کا اعلان کرے گا اس پر انتخابات کرائیں گے، مرتضیٰ سولنگی
یوتھ ویژن نیوز : نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن جس تاریخ کا اعلان کرے گا، اس پر انتخابات کرائیں گے، الیکشن کمیشن کے موقف کے پیچھے کھڑے ہیں، ہم الیکشن کمیشن کے اختیارات نہیں لینا چاہتے، آرٹیکل 218(3) کے تحت آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کی بھرپور مدد کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: نوازشریف کا ستمبر میں وطن واپس نہ آنے کا فیصلہ
جمعرات کو ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ آرٹیکل 51 کے تحت الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیاں کرنے کا پابند ہے اور اس نے شیڈول بھی دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں لکھا ہے کہ ملک کو منتخب نمائندے چلائیں گے، الیکشن کمیشن اگر سمجھتا ہے کہ نگراں حکومت آزادانہ، منصفانہ، شفاف انتخابات کرانے میں ہماری مدد کرے تو ہم مدد کریں گے۔
معاشی صورتحال سے متعلق سوال پر مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ معاشی بہتری کیلئے پوری کوشش کر رہے ہیں، نگراں وزیر خزانہ چند دن میں معاشی بحالی کا پروگرام پیش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جس حالت میں ملک ملا ہے ہماری ذمہ داری ہے کہ اس سے بہتر حالت میں ملک منتخب نمائندوں کو دے کر جائیں