آئی سی سی آئی کے ساتھ مل کر فلاحی منصوبوں پر کام کرنے کو تیار ہیں۔ عامر فدا پراچہ
اسلام آ باد ( واصب غوری سے) پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر فدا پراچہ نے کہا کہ ان کا ادارہ آئی سی سی آئی کے ساتھ مل کر فلاحی منصوبوں پر کام کرنے کو تیار لے لہذا چیمبر خواتین کو ہنر مند اور بااختیار بنانے کیلئے اپنی تجویز تیار کر کے ان کو بھیجے تا کہ اس پر عمل درآمد کیلئے غور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شفافیت کو فروغ دینے اور ڈونرز کا اعتماد بڑھانے کیلئے پاکستان بیت المال کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مستحق افراد کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرز پر ایک سکور پر مشتمل طریقہ کار وضع کرنے پر کام کر رہے ہیں جس سے ان کا کام جلد ہو جایا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت کے پناہ گاہوں سمیت دیگر اچھے منصوبوں کو جاری رکھا گیا ہے تاہم ایسی پناہ گاہیں بند کی گئی ہیں جن سے فائدہ اٹھانے والا کوئی نہیں تھا اور ان کو چلانے پرلاکھوں روپے کا خرچہ ہو رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان بیت المال کے زیر اہتمام یتیم بچوں کے لئے50 سویٹ ہومز اور خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے 160ویمن ایمپاورمنٹ سنٹر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں غریب طلبا وطالبات کیلئے سکالرشپ میں مزید اضافہ کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان کے غریب طلبا و طالبات کیلئے سکالرشپ کو بڑھا کر 20فیصد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی کاموں کو آگے بڑھانے کیلئے حکومت سے پاکستان بیت المال کے بجٹ کو 6ارب روپے سے مزید بڑھا دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر براری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیت المال معاشرے کے غریب و نادار افراد کی فلاح وبہبود کیلئے گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے جو قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال غریب اور مستحق افراد کو علاج معالجے اور تعلیم سمیت دیگر معاملات میں مالی امداد فراہم کر رہا ہے جو ایک نیک مشن ہے اور انسانیت کی عظیم خدمت ہے لہذا انہوں نے تاجر برادری اور معاشرے کے مخیر حضرات سے پرزور اپیل کی کہ وہ پاکستان بیت المال کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تا کہ یہ ادارہ معاشرے کے غریب و نادار افراد کی مزید بہتر خدمت کر سکے۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہرالاسلام ظفر نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کر کے پاکستان بیت المال ایک عظیم مشن کو آگے بڑھا رہا ہے اور تجویز دی کہ سکول سے باہر 2کروڑ بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کیلئے بھی پاکستان بیت المال اپنا کردار ادا کرنے پر غور کرے۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ چیمبر پاکستان بیت المال کے ساتھ مل کر نوجوان لڑکیوں کو ہنر مند اور بااختیار بنانے کیلئے ایک منصوبہ شروع کرنا چاہتا ہے تا کہ ان کو باآسانی روزگار حاصل ہو سکے اوراگر یہ منصوبہ اسلام آباد میں کامیاب ہو جاتا ہے تو پاکستان بیت المال اس کو ملک کے دیگر حصوں میں بھی شروع کر سکتا ہے۔
خالد چوہدری، مقصود تابش، چوہدری جاوید اقبال، امتیاز عباسی، شاہد زمان شنواری، نوید عباسی، محترمہ نگینہ خلیق، محترمہ ناصرہ علی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تجویز پیش کی کہ پاکستان بیت المال مستحق افراد کیلئے اپنی دستیاویزی ضروریات کو مزید آسان او ر سہل بنائے تا کہ ان کو پورا کرنے میں زیادہ وقت نہ لگے۔