بہتر تزئین و آرائش کیلئے زیرو پوائنٹ پل آئی سی سی آئی کے حوالے کریں گے۔ چیئرمین سی ڈی اے
اسلام آباد (ثاقب غوری سے ) چیئرمین سی ڈی اے نورالامین مینگل نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری اور تحفظ ماحولیات ایجنسی کی ڈائریکٹر جنرل محترمہ فرزانہ الطاف شاہ کے ہمراہ ایف سکس مرکز سپر مارکیٹ کا دورہ کیا اور پودا لگا کر مارکیٹوں میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔ سپر مارکیٹ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر شہزاد شبیر عباسی، سیکرٹری جنرل عاقب عباسی، خالد چوہدری، سیف الرحمٰن خان، اختر عباسی، ملک شبیر اعوان، امتیاز عباسی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری، محترمہ فرزانہ الطاف شاہ اور ایف سکس مرکز کی ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے ہمراہ سپر مارکیٹ کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سی ڈی اے حکام کو جاری کاموں کی رفتار تیز کرنے اور دیگر کاموں کو بھی آگے بڑھانے کی ہدایات دیں۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلدہی دیگر مارکیٹوں کا دورہ کر کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ زیرو پوائنٹ پل کو چیمبرکے حوالے کیا جائے گا تا کہ وہ اس کی بہتر تزئین و آرائش کرے۔ انہوں نے سی ڈی اے کے ڈائریکٹر انوائرنمنٹ کو ہدایات جاری کیں کہ وہ چیمبر کے ساتھ مل کر مارکیٹوں میں شجر کاری مہم کو آگے بڑھائیں جب کہ وہ خود بھی شجرکاری کا جائزہ لینے کیلئے مارکیٹوں کا دورہ کریں گے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ چیمبر نے پہلے بھی سی ڈی اے کے ساتھ مل کرشجر کاری مہم کے تحت اسلام آباد میں ہزاروں پودے لگائے تھے اور اس سال بھی سی ڈی اے اور تاجروں کے تعاون سے مارکیٹوں میں شجرکاری مہم کو آگے بڑھایا جائے گا تا کہ اسلام آباد کو مزید سرسبز وشاداب بنا کر صحت مند ماحول کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئے درخت لگانے کے ساتھ ساتھ پرانے درختوں کی مناسب دیکھ بھال کا بندوبست کیا جائے تا کہ ان کو محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پرانے درختوں کی عمر کا تعین کرنے کیلئے ان پر ٹیگ لگائے جائیں اور ان کی مناسب دیکھ بھال کا خصوصی انتظام کیا جائے تاکہ وہ لمبے عرصے تک محفوظ رہیں۔انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم کے تحت لگائے گئے پودوں میں سے صرف دس سے پندرہ فیصد زندہ رہتے ہیں جبکہ باقی ضائع ہو جاتے ہیں لہذا پودوں کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ جائے۔انہوں نے مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے عہدیداران پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم میں سی ڈی اے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تا کہ اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنایا جا سکے۔
تحفظ ماحولیات ایجنسی کی ڈائریکٹر جنرل محترمہ فرزانہ الطاف شاہ نے کہا کہ شہروں کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے بچانے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے اور یہ بات قابل تحسین ہے کہ چیمبر مارکیٹوں میں شجر کاری مہم کو آگے بڑھانے میں سی ڈی اے کا بھرپور ساتھ دے رہا ہے جس سے اسلام آباد کا ماحول مزید صحت مند ہو گا۔
سپر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر شہزاد شبیر عباسی نے شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹوں میں پرانی سیوریج لائنوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ آبادی بڑھنے کی وجہ سے پرانی لائنیں اب زیادہ لوڈ برداشت کرنے کے قابل نہیں ہیں اور اکثر بلاک ہو جاتی ہیں لہذا سی ڈی اے اس مسئلے کو حل کرنے پر خصوصی توجہ دے۔