اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے سابقہ طالب علم ڈاکٹر محمد یار کو صدر پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز نوازا گیا!
بہاولپور (علی رضا غوری سے) انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے قابل فخر سابقہ طالب علم ڈاکٹر محمد یار کو صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے پاکستان سول ایوارڈ "تمغہ امتیاز” سے نوازا ہے۔ وہ بایومیڈیکل میٹریلز، کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، لاہور کیمپس میں انٹر ڈسپلنری ریسرچ سینٹر کے ایسوسی ایٹ پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس سے قبل ڈاکٹر محمد یار جی سی یونیورسٹی لاہور کے شعبہ کیمسٹری میں مصنوعی کیمسٹری کے اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ انہوں نے کنگ فہد یونیورسٹی آف پیٹرولیم اینڈ منرلز، سعودی عرب میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر بھی کام کیا۔ انہوں نے 2010 میں برطانیہ کی برسٹل یونیورسٹی سے کیمسٹری میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ انہیں 2003 میں گولڈ میڈل اور اورینٹ ڈاکٹر عطا الرحمان سائنس ایوارڈ برائے امتیازی ایم ایس سی کیمسٹری سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر محمد یار سلفر یلائیڈز پر مبنی طریقوں کی تیاری میں سرگرم عمل رہے ہیں اور انہوں نے اس شعبے میں شاندار خدمات انجام دیں۔ برسٹل میں اپنی تحقیق کے دوران، انہوں نے بروموتھیل سلفونیم نمک کی ترکیب کا ایک مختصر اور آسان طریقہ دریافت کیا ہے، جو اب سگما-الڈرچ کے ذریعہ تجارتی طور پر دستیاب ہے۔ ان کی اعلیٰ معیاری بین الاقوامی کیمسٹری جرنلز (Angew Chem, Org Lett, Chem. Asian. J. اور Eur J Org Chem) میں کئی بہترین معیار کی اشاعتیں ہیں اور مختلف پیٹنٹ شائع ہو چکے ہیں ۔ UCB Pharma, UK اور KUDOS Pharma, UK نامور ادارے ڈاکٹر یار کے تیار کردہ طریقہ کا استعمال کرتے ہوئے یونیورسٹی آف برسٹل، برسٹل، برطانیہ میں پروفیسر وریندر اگروال اور ڈاکٹر ایوگھن ان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ حال ہی میں، ڈاکٹر محمد یار نے ورلڈ پریمیئر انٹرنیشنل ریسرچ سینٹر (WPI)، انسٹی ٹیوٹ آف ٹرانسفارمیٹو بائیو مالیکیولز (ITbM)، ناگویا یونیورسٹی جاپان میں ایک انتہائی مسابقتی پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوشپ حاصل کی۔ ITbM سے ان کے تحقیقی نتائج معروف جرائد میں شائع کیے جا رہے ہیں اور ایک پیٹنٹ بھی تیار کیا جا رہا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم ڈین فیکلٹی آف کیمیکل اینڈ بائیو لوجیکل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر عبدالروف ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری اور ڈاکٹر اظہر حُسین ڈائریکٹر ایلومینائی آفئیرز نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے سابق طالب علم ڈاکٹر محمد یار کو تمغہ امتیاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔