فیصل آباد موٹروے پر بڑا حادثہ، کئی جانیں لے گیا۔
اسلام آباد: (ثاقب غوری سے) کراچی سے اسلام آباد جاتے ہوئے پنڈی بھٹیاں کے قریب مسافر بس کو حادثہ پیش آگیا جس کے نتیجے میں آتشزدگی سے 16 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 15زخمی ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد موٹر وے پر پنڈی بھٹیاں کے قریب پک اپ وین اور مسافر کوچ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، حادثے میں 16 مسافر جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔ حادثے سے متعلق بات کرتے ہوئے ڈی پی او ڈاکٹر فہد نے بتایا کہ 16 لاشیں نکال لی گئی ہیں، حادثے میں بس اور پک اپ وین کا ڈرائیور بھی جھلس کر جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ مسافر کوچ میں خواتین اور بچوں سمیت 35 سے 40 سے زائد افراد سوار تھے۔ حکام کے مطابق حادثے میں 16 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے ہیں، جبکہ15 افراد زخمی ہو گئے ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال روانہ کردیا گیا ہے، زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
اس سے قبل ڈی ایس پی احسان ظفر نے حادثے میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیصل آباد موٹروے پر پنڈی بھٹیاں کےقریب پیش آئےحادثےمیں 20 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ حادثےمیں مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر بس میں35 سے 40 مسافر سوار تھے، 15 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔