گوادر فری زون میں 40 کمپنیوں نے سالانہ 3 ارب یوآن کی سرمایہ کاری کی ،چینی سفیر
اسلام آباد۔ (عاقب ابراہیم غوری سے ):پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ گوادر فری زون کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے، جس میں 40 کمپنیوں نے سالانہ 3 ارب چینی یوآن کی سرمایہ کاری کی اور اب گوادر فری زون کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوچکا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سی پیک کے تحت اب صنعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون پر بھی توجہ مرکوز کی جارہی ہے،
گوادر خطے میں تجارتی مرکز بننے کے راستے پر گامزن ہے۔انہوں نے کہاکہ چین کی جانب سے گوادر میں تعمیر کردہ پیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیتی مرکز پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے کی تعمیر رواں ماہ کے آخر میں مکمل کرلی جائے گی۔
چینی سفیر نے کہا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تعمیر تیزی سے جاری ہے اور متوقع طور پر سال 2023 کے اوائل میں اس پر فلائٹ آپریشن کا آغاز ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کے تحت بجلی کی قومی ترسیل میں ایک چوتھائی حصہ شامل کیا گیا ہے، جبکہ 886 کلو میٹر ٹرانسمیشن لائنز بچھائی گئیں