مائونٹین ٹورزم کے فروغ سے غیرملکی زرمبادلہ آئے گا اور مقامی آبادی کا میعار زندگی بلند ہو گا، وزیراعظم کا ٹویٹ
سکردو۔(ثاقب ابراہیم غوری سے ):وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کو یہاں سکردو ایئرپورٹ کی انٹرنیشنل آپریشن کیلئے توسیع اور اپ گریڈیشن کے کام کا افتتاح کر دیا۔
وزیراعظم نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کر دیا ہے، ان شاء اللہ یہ مائونٹین ٹورزم کو ایسی سطح پر لے کر جائے گا جہاں ملک کیلئے غیرملکی زرمبادلہ آئے گا اور مقامی آبادی کا میعار زندگی بلند ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ میں پرتپاک خیرمقدم پر سکردو کے عوام کا شکر گزار ہوں۔ قبل ازیں وزیراعظم اس منصوبے کا افتتاح کرنے سکردو پہنچے تو گلگت بلتستان کے روایتی لباس میں ملبوس دو ننھے بچوں نے وزیراعظم کو گلدستہ پیش کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر جگلوٹ سکردو روڈ کی تختی کی نقاب کشائی کرکے اس کا افتتاح بھی کیا جبکہ وزیراعظم کو اس منصوبہ کے حوالہ سے بریفنگ بھی دی گئی۔
وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے وزیراعظم کو جگلوٹ سکردو روڈ کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے سکردو ایئرپورٹ پر پودا بھی لگایا۔