صدر مملکت ڈاکٹر محمد عارف علوی نے ایڈیشنل سیکرٹری قومی اسمبلی محمد مشتاق کوانکی خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز سے نوازا۔

1

اسلام آباد: (ثاقب غوری سے) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ایڈیشنل سیکرٹری (شعبہ قانون سازی) محمد مشتاق کو صدر پاکستان کی جانب سے ان کی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز سے نوازنے پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین، ایڈیشنل سیکرٹری برائے خصوصی اقدامات سید شمعون ہاشمی، ڈی جی (آئی آر) وسیم اقبال چوہدری، ڈائریکٹر جنرل پروسیڈنگز عبدالہادی چنا سمیت قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے دیگر اعلیٰ افسران اور عملے کے ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین نے اسپیکر قومی اسمبلی اور اپنی جانب سے ایڈیشنل سیکرٹری محمد مشتاق کو تمغہ امتیاز ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ محمد مشتاق ایک قابل، فرض شناس اور محنتی آفیسر ہیں اور انہیں تمغہ امتیاز سے نوازا جانا ان کی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ خصوصاً قانون سازی کے عمل میں ان کی نمایاں خدمات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل سیکرٹری محمد مشتاق کو تمغہ ملنا پورے سیکرٹریٹ کے لیے باعث مسرت و اعزاز ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری محمد مشتاق نے تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اپنی اس کامیابی کو اپنے والدین کی دعاؤں اور سینئر افسران کی رہنمائی اور تعاون کے مرہون منت قرار دیا۔

روزنامہ یوتھ ویژن کی ٹیم بھی محمد مشتاق صاحب کو اس پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کرتی ہے۔

2
50% LikesVS
50% Dislikes